امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے محکمہ کی روزانہ پریس کانفرنس کر کے تاریخ رقم کردی۔ ویدانت ایسا کرنے والے پہلے ہندوستانی ہیں۔ گجرات میں پیدا ہونے والے اور کیلیفورنیا میں رہنے والے 33 سالہ ویدانت پٹیل کو یہ موقع اس لیے ملا کیونکہ محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس چھٹی پر تھے۔ ویدانت پٹیل کے خطاب کی تعریف بھی کی گئی ہے۔
منگل کو امریکی خارجہ پالیسی سے متعلق معاملات پر میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یوکرین پر روس کے حملے، ایرانی جوہری معاہدے اور لز ٹرس کے برطانیہ کے وزیر اعظم بننے جیسے موضوعات پر بات کی۔ وہ بدھ کے روزبھی میڈیا سے بھی خطاب کریں گے۔ وائٹ ہاؤس کے سینئر ایسوسی ایٹ کمیونیکیشن ڈائریکٹر میٹ ہل نے پٹیل کو مبارکباد دی۔
میٹ ہل نے کہا کہ عالمی سطح پر امریکہ کی نمائندگی کرنا بڑی ذمہ داری ہے۔ ویدانت نے بہت پیشہ ورانہ اور بہت واضح انداز میں اپنی بات کہی۔ وائٹ ہاؤس کے سابق ڈپٹی کمیونیکیشن ڈائریکٹر پیلی توبار نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ویدانت پٹیل کو پوڈیم پر دیکھ کر اچھا لگا۔