Urdu News

نائب صدر کا دورہ ہندوستان سے گبون اور سینیگال کا پہلا اعلیٰ سطحی دورہ ہوگا

نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو

 

نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو نے آج 30 مئی سے 7 جون 2022 تک گبون، سینیگال اور قطر کے تین ملکوں کے دورے کا آغاز کیا۔ ان کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی شامل ہے جس میں وزارت  صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر مملکت، ڈاکٹر بھارتی پروین پوار اور تین ممبران پارلیمنٹ، جناب سشیل کمار مودی (راجیہ سبھا)، جناب وجے پال سنگھ تومر (راجیہ سبھا) اور جناب پی رویندر ناتھ (لوک سبھا) شامل ہیں۔ توقع ہے کہ تینوں ممالک کے ساتھ متعدد دو طرفہ دستاویزات پر اتفاق کیا جائے گا۔

فوٹو کیپشن – نائب صدر، جناب ایم وینکیا نائیڈو 30 مئی 2022 کو نئی دہلی سے گبون، سینیگال اور قطر کے اپنے تین ملکی دورے کے لیے تیار ہیں۔

جبکہ جناب  نائیڈو کا تینوں ممالک کے کسی بھی نائب صدر کا پہلا دورہ ہوگا، یہ دورہ ہندوستان سے گبون اور سینیگال کا پہلا اعلیٰ سطحی دورہ ہے۔ توقع ہے کہ ان کے دورے سے افریقہ کے ساتھ ہندوستان کی مصروفیت میں اضافہ ہوگا اور افریقی براعظم کے تئیں ہندوستان کی عہد بندی پر زور دیا جائے گا۔

نائب صدر کے دورہ قطر کو اس لئے  اہمیت حاصل ہےکہ  دونوں ممالک سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ منانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ توقع ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

جناب نائیڈو 30 مئی سے 01 جون 2022 تک گبون سے اپنے دورے کا آغاز کریں گے۔ گبون میں، وہ گبون کے وزیر اعظم  محترمہ روز کرسٹیئن اوسوکا ریپونڈا کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے۔  گبون کے  صدر عزّت مآب علی بونگو اونڈیمبا سے اور دیگر معززین سے ملاقات کریں گے ۔ توقع ہے کہ وہ گبون میں کاروباری برادری کے ساتھ بات چیت کریں گے اور وہاں ہندوستانی تارکین وطن سے خطاب کریں گے۔

1 سے 3 جون تک سینیگال کا دورہ کرتے ہوئے جناب نائیڈو سینیگال کے صدر عزّت مآب جناب میکی سال  کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کریں گےاور قومی اسمبلی کے صدر عزّت مآب  جناب مصطفی نیاسے اور دیگر معززین سے ملاقات کریں گے ۔ یہ  قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور سینیگال اس سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ توقع ہے کہ نائب صدر ایک کاروباری گول میز میں بھی شرکت کریں گے اور ہندوستانی برادری سے خطاب کریں گے۔

دورے کا آخری مرحلہ 4 سے 7  جون 2022 تک قطر کا دورہ ہوگا۔ دورے کے دوران جناب نائیڈو قطر کے نائب امیر عزت مآب شیخ عبداللہ بن حمد الثانی کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کریں گے اور دو طرفہ تعاون کا جائزہ لیں گے۔ وہ اس دورے کے دوران کئی دیگر قطری معززین سے بھی ملاقات کریں گے اور قطر میں ایک کاروباری گول میز کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ قطر نے گزشتہ دو سالوں میں مختلف ہندوستانی کمپنیوں میں 2 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔

آخری دن، نائب صدر کے دورہ کے موقع پر ایک کمیونٹی استقبالیہ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جہاں وہ قطر میں ہندوستانی کمیونٹی کے ارکان سے خطاب کریں گے۔ ہندوستان اور قطر کے لوگوں سے لوگوں کے رابطوں کی ایک طویل تاریخ ہے، اس وقت قطر میں تقریباً 750,000 ہندوستانی تارکین  وطن ہیں۔

Recommended