لندن،06جنوری(انڈیا نیرٹیو)
برطانوی شہزادہ ہیری کی کتاب کے اقتباسات میں سے حیران کْن باتیں سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق شہزادہ ہیری نے کہا ہے کہ بڑے بھائی شہزادہ ولیم اوران کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے مجھے نازی فوجی کی طرح لباس پہننے پر مجبور کیا تھا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق شہزادہ ہیری کی کتاب ’اسپیئر‘ 10 جنوری کو شائع ہورہی ہے جس میں انہوں نے کئی انکشافات کیے ہیں۔اس کتاب کے سامنے آنے والے کچھ اقتباسات کے مطابق شہزادہ ہیری نے 2005ء کی ایک تقریب میں نازی فوجی کو وردی پہننے کے فیصلے کا الزام بڑے بھائی اور ان کی اہلیہ پر عائد کیا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری نے مزید دعویٰ کیا کہ شہزادہ اور شہزادی پارٹی کے لیے تیار ہوتے ہوئے مجھے دیکھ کر ہنس پڑے تھے۔رپورٹس کے مطابق اْس وقت شہزادہ ہیری کی عمر 20 سال تھی اور نازی فوجی کی وردی پہننے پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
اس کے علاوہ برطانیہ کے شاہ چارلس سوم کے چھوٹے بیٹے شہزادہ ہیری نے اپنی آنے والی کتاب میں افغانستان میں اپاچی ہیلی کاپٹر پائلٹ کی ڈیوٹی کے دوران 25 افراد کو ہلاک کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔علاوہ ازیں انہوں نے کتاب میں یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ اہلیہ میگھن مارکل سے متعلق ہونے والی بات چیت کے دوران ہوئے جھگڑے میں بڑے بھائی شہزادہ ولیم نے ان کا گریبان پکڑا اور مار پیٹ کی۔