پاکستان بھارت کے کسی بھی گھریلو مسئلے میں ہاتھ سینکنے سے باز نہیں آتا۔ اب پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کرناٹک میں حجاب پہن کر اسکول جانے کے معاملے میں متنازع بیان دیا ہے۔ فواد کے علاوہ نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے بھی حجاب پر جاری تنازع کو ’خوفناک‘ قرار دیا ہے۔
پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ بھارت میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ خوفناک ہے۔ وزیر اعظم مودی پر طنز کرتے ہوئے فواد نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ غیر مستحکم قیادت میں ہندوستانی معاشرہ تیزی سے زوال کی طرف بڑھ رہا ہے۔ کسی دوسرے لباس کی طرح حجاب پہننا بھی ذاتی ترجیح کا معاملہ ہے۔ شہریوں کو آزادی سے اپنے فیصلے کرنے کا حق دیا جائے۔
پاکستانی وزیر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستانی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی نے بھی اس معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔ ملالہ نے ٹویٹ کیا کہ حجاب پہننے والی لڑکیوں کو اسکولوں میں داخلے سے روکنا خوفناک ہے۔ کالج ہمیں حجاب اور پڑھائی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ خواتین کے کم سے کم کپڑے پہننے پر اعتراضات کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ہندوستانی رہنما مسلم خواتین کو پسماندہ کرنا بند کریں۔