Urdu News

عالمی غذائی تحفظ کو آگے بڑھانے میں اپنا بھرپور کردار اداکریں گے: بھارت

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اعلیٰ سطحی خصوصی تقریب میں بھارت کی فرسٹ سکریٹری سنیہا دوبے خطاب کرتی ہوئیں

 اقوام متحدہ ،19؍جولائی

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اعلیٰ سطحی خصوصی تقریب میں  بھارت  کی فرسٹ سکریٹری سنیہا دوبے نے کہا کہ ہندوستان عالمی غذائی تحفظ کو آگے بڑھانے، مساوات کو برقرار رکھنے، ہمدردی کا مظاہرہ کرنے اور سماجی انصاف کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔ دوبے نے کہا کہ نئی دہلی دنیا کا سب سے بڑا فوڈ بیسڈ سیفٹی نیٹ پروگرام چلا رہا ہے، جس نے فلاح و بہبود سے حقوق پر مبنی نقطہ نظر کی طرف ایک مثالی تبدیلی دیکھی ہے۔  انہوں نے مزید کہا،کووڈ۔ 19 کے دوران ٹارگٹ ڈیلیوری حاصل کرنے کے لیے، 800 ملین لوگوں کو خوراک کی امداد اور 400 ملین لوگوں کو نقد رقم کی منتقلی حکومت کی طرف سے فراہم کی گئی۔ ہندوستان کا مڈ ڈے میل پروگرام صحت مند کھانے کی فراہمی کو یقینی بنا کر اسکولی بچوں میں غذائی قلت سے نمٹنے کے لیے جاری ہے۔  بچوں اور خواتین کیلئے بھی ایک تغذیہ مہم شروع کی گئی ہے۔

ہمارے فارم ٹو ٹیبل ڈیجیٹل اقدامات میں کسانوں کے پورٹلز، فارم ایڈوائزری سروسز، زرعی اجناس کا آن لائن نیٹ ورک، قیمت کی پیش گوئی اور کوالٹی کے لیے بلاک چین ٹیکنالوجی کا استعمال شامل ہے۔   افغانستان میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال کے پیش نظر ہندوستان افغانستان کے لوگوں کو 50 ہزار میٹرک ٹن گندم عطیہ کر رہا ہے۔ دوبے نے مشاہدہ  کیا  کہ ہندوستان نے میانمار کے لیے اپنی انسانی امداد جاری رکھی ہے، جس میں 10,000 ٹن چاول اور گندم کی گرانٹ بھی شامل ہے۔

ہم سری لنکا کی مدد بھی کر رہے ہیں۔ ہندوستان نے گزشتہ تین مہینوں میں یمن کو 250,000 ٹن سے زیادہ گندم برآمد کی ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان عالمی غذائی تحفظ کے مقصد کے لئے مضبوطی سے پرعزم ہے اور اس نے گذشتہ برسوں میں مختلف انسانی بحرانوں کے جواب میں اقوام متحدہ کے مرکزی ایمرجنسی رسپانس فنڈ (سی ای آر ایف)اور یو این او سی ایچ اے میں بھی تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا، سال 2023 کو "جوار کا بین الاقوامی سال" قرار دینے کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد کی ہماری قیادت کا مقصد اسی طرح کے غذائی تحفظ کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تھا۔

Recommended