Urdu News

امریکہ میں برفیلے طوفان کا قہر، اب تک 37افراد کی موت

امریکہ میں برفیلے طوفان کا قہر

کئی شہروں میں بجلی غائب، چار دن میں12ہزار فلائٹس منسوخ

واشنگٹن،26دسمبر(اندیا نیرٹیو)

امریکہ میں برفیلے طوفان کا قہر لوگوں پر مصیبت بن کر ٹوٹ پڑا ہے۔ملک میں 20کروڑ سے زیادہ لوگ اس برفیلے طوفان کی زد میں آگئے ہیں۔ سائیکلون نے نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا ہے، خون جماتی ہواؤں اور برف باری سے مختلف حادثات میں اب تک 37 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکا میں سرد ہواؤں، برفباری کے باعث مختلف حادثات میں اموات کی تعداد دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔کئی شہروں میں بجلی گل ہوگئی ہے اور درجہ حرارت صفر سے42ڈگری نیچے تک پہنچ گئی ہے۔

خبرایجنسی کے مطابق نیویارک سب سے زیادہ برف باری سے متاثر ہوا ہے جبکہ شہر بفیلو میں 43 انچ تک برف پڑی ہے، بفیلو شہر کا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کل تک کے لیے بند ہے اور امریکہ بھر میں 12 ہزار پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔

خبرایجنسی کے مطابق امریکی شہر اٹلانٹا، شکاگو، ڈینور اور نیویارک کے ایئرپورٹس پر ہزاروں مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔دوسری جانب نیشنل ویدر سروس کے مطابق امریکا کی مختلف ریاستوں میں ڈیڑھ لاکھ افراد اور متعدد کاروباری علاقوں میں بجلی کی فراہمی تاحال منقطع ہے۔

نیشنل ویدر سروس  کا بتانا ہے کہ امریکا میں موسم کی شدت منگل سے معمول پر آنی شروع ہوجائے گی۔امریکی ریاست مونٹانا میں درجہ حرارت منفی 45 ڈگری تک گر گیا، ریاست مشی گن کے ساحل پر برف ہی برف، پارک میں لگے جھولے برف کے مجسموں میں ڈھل گئے۔

نیویارک کے شہر بفیلو میں 4 فٹ تک برف پڑی، پیر کی صبح تک مزید دو فٹ برف پڑنے کا امکان ہے، موسم کی شدت منگل تک معمول پر آنے کی توقع ہے۔

Recommended