Urdu News

خواتین کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے: طالبان

خواتین کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے: طالبان

کینبرا، 09 ستمبر (انڈیا نیرٹیو)

ایک سینئر طالبان عہدیدار نے کہا ہے کہ خواتین کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔آسٹریلیا کی ایس بی ایس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے طالبان کی ثقافتی کمیٹی کے نائب سربراہ احمد اللہ واثق نے کہا ہے کہ وہ نہیں سمجھتے کہ خواتین کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ کئی بار خواتین کرکٹ کو ایسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا ہو جہاں چہرہ اور جسم ڈھانپا نہ جائے اور اسلام، خواتین کو ایسا دکھانے کی اجازت نہیں دے سکتی۔ یہ میڈیا کا دور ہے اور وہاں تصاویر اور ویڈیوز ہوں گی اور پھر لوگ اسے دیکھیں گے۔ اسلام اور امارت اسلامیہ خواتین کو کرکٹ کھیلنے یا اس طرح کے کھیل کھیلنے کی اجازت نہیں دیتی۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق حالیہ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر افغانستان میں خواتین کی کرکٹ کو سپورٹ نہیں کیا گیا تو کرکٹ آسٹریلیا کے پاس ہوبارٹ میں کھیلے جانے والے مجوزہ ٹیسٹ میچ کے لیے افغانستان کی میزبانی نہ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔

آسٹریلیا کے وزیر کھیل رچرڈ کول بیک نے کہا ہے کہ خواتین کے کھیلوں کے بارے میں طالبان کا فیصلہ تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ ہم بین الاقوامی کرکٹ کونسل سمیت بین الاقوامی کھیلوں کے حکام سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس فیصلے کے خلاف کارروائی کریں۔

Recommended