چینی صدر شی جِن پِنگ کے رواں ہفتے سعودی عرب کے دورے کے موقع پر110 ارب ریال (29.26 ارب ڈالر) مالیت کے 20 سے زیادہ معاہدوں پردست خط کیے جائیں گے۔چینی صدر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر بدھ سے سعودی عرب کا تین روزہ سرکاری دورہ کررہے ہیں۔ان کا یہ دورہ 9 دسمبر تک جاری رہے گا۔
اس دورے کے موقع پرشاہ سلمان اور شی جِن پنگ کی سربراہی میں سعودی،چینی سربراہ اجلاس منعقد ہوگا۔اس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی شریک ہوں گے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس سربراہ اجلاس میں سعودی عرب اور چین کے درمیان ثقافتی تعاون کے فروغ کے لیے شہزادہ محمد بن سلمان ایوارڈ کا اجراء بھی کیا جائے گا۔
چین اورسعودی عرب مذکورہ ان معاہدوں کے علاوہ تزویراتی شراکت داری کے معاہدے اورمملکت کے ویڑن 2030 کو چین کے بیلٹ اورروڈاقدام کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے منصوبے پربھی دست خط کریں گے۔