مرکزی وزارت اقلیتی امور کے ذریعے حج کو لے کر بنائی جارہی پالیسی 2023-2027کوجلد جاری کرنے کا دیا اشارہ،بھارت سے ایک لاکھ 75 ہزار 25عازمین کے حج سفرپر جانے کا امکان
سعودی عرب کی حکومت کے ذریعہ حج 2023 بغیر کسی پابندی کے مکمل صلاحیت کے ساتھ ادا کرنے کے اعلان کے بعد ہندوستان میں بھی حج کے سلسلے میں ہلچل تیز ہوگئی ہے۔ مرکزی وزارت اقلیتی امور کے ذریعے حج یاترا کے لیے تیار کی جا رہی حج پالیسی 2023-2027 کو 2-4 دنوں میں جاری کرنے کا اشارہ دیا گیا ہے۔
نئی حج پالیسی کے متعارف ہونے کے بعد حج 2023 کے لیے درخواست فارم بھرنے کا عمل شروع ہو جائے گا۔
سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے کیے گئے اعلان کے مطابق اس بار ہندوستان سے ایک لاکھ 75 ہزار 25 عازمین کے حج پر جانے کا امکان قوی ہوگیا ہے۔جبکہ گزشتہ سال 2022 میں ہندوستان سے صرف 56639 عازمین حج پر گئے تھے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث 2020-21 کے حج کیلئے لوگوں کی تعداد کومحدودکردیا گیاتھا اور 2022 کے حج میں بھی بہت محدود تعداد میں لوگوں کو شرکت کی اجازت تھی۔ سعودی عرب کے ذریعے ہندوستان کے حج کوٹہ کی بحالی کے بعد حج کمیٹی انڈیا کے ذریعہ نئے کوٹہ کے مطابق تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
مجوزہ نئی حج پالیسی کے تحت جاری ہونے والے کوٹہ کا 20 فیصد پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ اس کے پیش نظر اس بار حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے تقریباً ایک لاکھ 40 ہزار عازمین حج کیلئے جا سکیں گے۔نئی حج پالیسی میں حج کمیٹی کے ذریعے زندگی میں ایک بار حج کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔