Urdu News

مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام بیاددانش علی گڑھی اور شاہد رتلامی ادبی و شعری نشست

مدھیہ پردیش اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام بیاددانش علی گڑھی اور شاہد رتلامی ادبی و شعری نشست

مدھیہ پردیش اردو اکادمی، محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام ضلع ادب گوشہ، رتلام کے ذریعے ’’سلسلہ اور تلاشِ جوہر‘‘ کے تحت آنجہانی دانش علی گڑھی اور شاہد رتلامی کی یاد میں شعری وادبی نشست کا انعقاد 25 جون ، 2023 کو  شام 4 بجے سے  پریس کلب آڈیٹوریم، پاور ہاؤس کے پاس، رتلام میں ضلع کوآرڈینیٹر عبدالسلام کھوکر کے تعاون سے کیا جائے گا. اس پروگرام میں مہمان ذی وقار کے طور پر پریس کلب کے صدر مکیش پوری گوسوامی موجود رہیں گے۔

اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی نے پروگرام کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے ذریعے اپنے ضلع کوآرڈینیٹرس کے تعاون سے “سلسلہ اور تلاشِ جوہر” کے تحت ریاست کے سبھی اضلاع میں شعری و ادبی نشستیں منعقد کی جارہی ہیں۔

 اس سال ضلع وار سلسلہ اور تلاشِ جوہر پروگرام اُس ضلع کے آنجہانی تخلیق کاروں اور مجاہدین آزادی کو موسوم ہیں۔ اکادمی کے ذریعے سبھی ضلعوں میں اپنے کوآرڈینیٹروں کے تعاون سے ایسی ہستیوں کے نام تلاش کرکے ان کی یاد میں پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔اس سلسلے کا چوتھا پروگرام رتلام میں منعقد ہورہا ہے جس میں رتلام ضلع کے ماتحت آنے والے سبھی گاؤں، تحصیلوں اور بستیوں کے ایسے سینئر شعرا و ادبا اپنی تخلیقات پیش کریں گے جنہیں اکادمی کے اسٹیج پر پیش کش کا موقع بہت کم ملا ہے۔

رتلام ضلع کے  کوآرڈینیٹر عبدالسلام کھوکر نے بتایا کہ منعقدہ ادبی و شعری  نشست دو اجلاس پر مبنی ہوگی۔

 پہلے اجلاس میں شام 4 بجے تلاش جوہر کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ضلع کے نئے تخلیق کار فی البدیہہ مقابلے میں حصہ لیں گے۔

دوسرے اجلاس میں شام 6بجے سلسلہ کے تحت شعری و ادبی نشست کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مقررین آنجہانی دانش علی گڑھی اور شاہد رتلامی کے فن و شخصیت پر بات کرکے انھیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔

 اس نشست میں جو شعرا اور ادبا اپنی تخلیقات پیش کریں گے ان میں خصوصی مقررین اور شعرا کے طور پر  احمد نثار اندور اور افروز سحر اجین کے نام شامل ہیں اور مقامی شعراو ادبا میں شبیر راہی رتلام، فیض رتلامی رتلام، محمد شفیع ساحر تلامی رتلام، مرزا ود بیگ۔رتلا م، صدیق رتلا می رتلام، آشیش دشوتر رتلام، امیر الدین سیلا نا رتلام، ندیم اجمیری رتلام، سید شباب گلشن آبادی – جاوره، اللہ دیا خاں عاصی – جاورہ، فضل حیات جاوره، معین الدین معین۔ جاورہ اور یوسف سحر جاورہ وغیرہ کے نام شامل ہیں۔

سلسلہ ادبی و شعری نشست کی نظامت کے فرائض عبدالسلام کھوکر انجام دیں گے۔ڈاکٹر نصرت مہدی نے رتلام کے تمام محبان ادب سے پروگرام میں شرکت کی درخواست کی ہے۔

Recommended