Urdu News

ایم پی اردو اکادمی کے زیر اہتمام ضلع وار پروگرام’’سلسلہ‘‘کے تحت ادبی وشعری نشست کا انعقاد

ایم پی اردو اکادمی کے زیر اہتمام ضلع وار پروگرام’’سلسلہ‘‘کے تحت ادبی وشعری نشست کا انعقاد

مدھیہ پردیش اردو اکادمی، محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام ریاست میں ڈیویژنل ہیڈ کوارٹرس پر نئے تخلیق کاروں پر مبنی’’تلاش جوہر‘‘پروگرام کے انعقاد کے بعد اب ضلع ہیڈ کوارٹرس پر سینیئر تخلیق کاروں کے لیے’’سلسلہ‘‘ کے تحت پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں۔اس کڑی کا چونتیسواں پروگرام لال مسجد جماعت خانہ، اجین میں  20 نومبر، 2022 کو رات 9 بجے سے شعری و ادبی نشست کا انعقاد ضلع کوآرڈینیٹر شبنم کے تعاون سے ڈاکٹر ضیا رانا کی سرپرستی میں کیا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھ سکتے ہیں

اردو اکادمی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر نصرت مہدی کے مطابق مدھیہ پردیش اردو اکادمی کے زیر اہتمام آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت اپنے ضلع کوآرڈینیٹرس کے تعاون سے ’’سلسلہ‘‘ کے تحت ریاست کے سبھی اضلاع میں شعری و ادبی نشستیں منعقد کی جارہی ہیں۔

ضلع ہیڈ کوارٹرس پر منعقد ہونے والی نشستوں میں متعلقہ ضلعوں کے تحت آنے والے گاؤوں، تحصیلوں اور بستیوں وغیرہ کے ایسے تخلیق کاروں کو مدعو کیا جارہا ہے جنہیں ابھی تک اکادمی کے پروگراموں میں اپنی تخلیقات پیش کرنے کا موقع نہیں ملا ہے یا بہت کم ملا ہے۔

اس سلسلے کے تینتیس پروگرام بھوپال، کھنڈوہ، ودیشہ دھار، شاجاپور، ٹیکم گڑھ، ساگر، ستنا ریوا سیدھی، رائسین، سیونی، نرسنگھ پور، نرمدا پورم، دموہ، شیوپوری، گوالیار، برہانپور،دیواس، رتلام، بالاگھاٹ، چھندواڑہ، اشوک نگر، ہردا بیتول جبلپور، گنا، بڑوانی، اندور، کٹنی، سیہور، کھرگون، راجگڑھ، چھترپور، شہڈول اور نیمچ میں منعقد ہو چکے ہیں اور آج یہ پروگرام اجین میں منعقد ہوا ہے جس میں اجین کے تخلیق کاروں نے اپنی تخلیقات پیش کیں۔

اس خبر کو بھی پڑھ سکتے ہیں

اجین ضلع کی کوآرڈینیٹر شبنم علی نے بتایا کہ منعقدہ ادبی و شعری  نشست میں 24 تخلیق کاروں نے اپنی تخلیقات پیش کیں۔ پروگرام کی  صدارت اجین کے سینئر شاعر حمید گوہر نے فرمائی، مہمان خصوصی کے طور پر سمیرالحق اور مہمانان ذی وقار کے طور پر شکیل پٹواری اور زاہد نور ایڈووکیٹ اسٹیج پر موجود رہے۔ جن شاعروں نے اپنا کلام پیش کیا ان کے نام اور اشعار درج ذیل ہیں

جیتیے لوگوں کے دل کی بستیاں

دشمنی کو قبر میں دفنائیے

راز رومانی

خدمت خلق تو کروں لیکن

اپنے بچوں کو پھر کھلاؤں کیا

اقبال پروازی

اپنے جذبات اپنے سینوں میں

ہم بھٹکتے رہے مشینوں میں

سلامت حسین سلامت

اس کی آب و ہوا ہے سب سے جدا

اس زمیں آسمان میں کچھ ہے

جو بھی آیا یہاں وہ پھر نہ گیا

بات ہندوستان میں کچھ ہے

ابرار اثر

ہندو مسلم سکھ مسیحی بھائی بھائی ہیں یہاں

نفرتوں سے دور ان کی الفتوں کو ہو سلام

واحد خان واحد

حادثے ہاتھ ملتے رہے سازشیں منھ کے بل گر پڑیں

یہ کرم مجھ پہ رب کا ہوا کام ماں کی دعا آ گئی

شاکر شاداب

ذہنوں پہ تیر نہ برچھی بنائیے

کچھ پھول نقش کیجیے، تتلی بنائیے

جاوید مرزا

دے دیں گے جان ملک کی عظمت کے واسطے

رسوا نہ ہونے دیں گے ترنگا یہاں کبھی

سرخاب بشر

جنگ میں ملک کی سرحد پہ حفاظت کے لیے

دودھ اور خون کا رشتہ نہیں دیکھا جاتا

انصار احمد انصار

شان اس کی ہے شبنم نرالی بہت

ساری دنیا کا بھارت ہی سرمور ہے

شبنم سلطانہ

شہادت پہ ماتم نہیں ہونے والا

یہ جذبہ کبھی کم نہیں ہونے والا

جے ہند سوتنتر

شعری و ادبی نشست کی نظامت کے فرائض شبنم علی نے انجام دیے۔پروگرام کے آخر میں ڈاکٹر ضیا رانا نے مدھیہ پردیش اردو اکادمی کی جانب سےتمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔

Recommended