نئی دہلی، 02 جنوری (انڈیا نیریٹو)
اترپردیش میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا معاملہ آج سپریم کورٹ میں آیا۔ اترپردیش حکومت کی جانب سے آج چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ کے سامنے جلد سماعت کا مطالبہ کیا گیا۔ اس کے بعد عدالت نے 4 جنوری کو سماعت کا حکم دیا۔
یوپی حکومت نے بلدیاتی انتخابات میں ریزرویشن کو لے کر الہ آباد ہائی کورٹ کی لکھنؤ بنچ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی ہے۔ درخواست میں فیصلے پر روک لگانے کی استدعا کی گئی۔ اس کے ساتھ کمیشن کی رپورٹ کے بعد انتخابات کرانے کی منظوری دینے کی درخواست بھی کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ریزرویشن کے معاملے پر کمیشن تشکیل دیا گیا ہے۔ ایسے میں بلدیاتی انتخابات کمیشن کی رپورٹ کے بعد کرائے جائیں۔
دراصل، لکھنؤ بنچ نے اتر پردیش میں شہری بلدیاتی انتخابات کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ عام نشستوں کی بنیاد پر او بی سی زمرہ کی نشستوں پر غور کرتے ہوئے جلد سے جلد انتخابات کرائے جائیں۔