Urdu News

موربی حادثہ: پی ایم مودی نے اسپتال میں زخمیوں سے کی ملاقات

وزیر اعظم نریندر مودی ایئر فورس کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے منگل کی دوپہر موربی پہنچے۔ جہاں سے پی ایم کا قافلہ سیدھا مچھو ندی کے کنارے پہنچا۔ جائے حادثہ پر جا کر وزیراعظم نے ٹوٹے پل سمیت صورتحال کا جائزہ لیا۔ ان کے ساتھ گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل ، بی جے پی کے ریاستی صدر سی آر پاٹل ، وزیر مملکت برائے داخلہ ہرش سنگھوی بھی تھے۔ہرش سنگھوی نے وزیر اعظم کو اتوار کو جائے حادثہ سمیت پل کے بارے میں جانکاری دی۔ تقریباً 15 منٹ تک پل کے ایک سرے پر رکنے کے بعد وزیراعظم کا قافلہ سول اسپتال روانہ ہوا۔ سول اسپتال جانے سے قبل انہوں نے راحت اور بچاو¿ کاموں میں شامل لوگوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے انتظامیہ کے دیگر عہدیداروں بشمول این ڈی آر ایف ٹیم کے ارکان سے بھی بات چیت کی۔

اس کے بعد وہ سول اسپتال میں داخل 6 افراد سے ملے۔ انہوں نے اپنے قریب کھڑے زخمیوں کے لواحقین سے بھی بات چیت کی۔ پی ایم مودی نے سول اسپتال میں حادثے میں مرنے والوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیںہرممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعظم نے حادثے میں ہلاک ہونے والے 23 افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں تسلی دی۔

مرکزی حکومت نے تمام مرنے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔ ساتھ ہی، ریاستی حکومت نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو 4-4 لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔اتوار کو موربی کے قریب 140 سال پرانا پل گرنے سے اب تک 135 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ دو افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ اس واقعے میں 177 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔

Recommended