Urdu News

قرآن کریم تمام خیر و برکات کا سرچشمہ:فرمان مظاہری

قرآن کریم تمام خیر و برکات کا سرچشمہ:فرمان مظاہری

بارہ بنکی کے سیدنپور میں جلسہ حفظِ قرآن کے موقع پرمقررین کا خطاب

بارہ بنکی،(ابوشحمہ انصاری)

آج ان چند بچوں نے قرآن کریم کو حفظ کرکے اپنے ماں باپ کے سر کو فخر سے بلند کردیا ہے۔ یہی وہ قرآن کریم ہے جس کو ساری انسانیت کی ہدایت کے لئے نازل کیا گیا۔ اللہ تعالی نے اپنے اس بے مثال کلام میں عجیب و غریب برکات رکھی ہیں۔اس کی تلاوت ، اس کی سماعت ، اس میں غور وفکر کرنا ، اس کے معانی و مطالب کوسمجھنے کی کوشش کرنا ، اس میں بتائے گئے حلال پرعمل کرنا اس میں بتائے گئے حرام سے اجتناب کرنا ، اس کی تعلیمات سے اپنی زندگیوں کو روشن کرنا ، اور اس کے بتائے ہوئے طریقہ کے مطابق زندگی گزارنا ، ہر اعتبار سے انسانوں کے لئے اس میں خیر وبرکات ، انقلاب اور کامیابی اور کامرانی ہے۔

قرآن مجید کے انقلاب سے جو لوگ پہلے کفر اور شرک کی تاریکیوں میں ڈوبے ہوئے تھے۔ اور خدا فراموشی کی زندگی گزار رہے تھے۔ وہ نہ صرف ہدایت سے فیض یاب ہوئے بلکہ راہِ ہدایت میں مشعل راہ بنے۔ اس کلام الہی کو تھامنے والوں کو اللہ تعالی نے دنیا میں عزت بخشی اور آخرت مین سرخرو کرنے وعدہ فرمایا۔ اور انہیں دنیا کی قیادت و سیادت سونپی۔ دنیا میں جن کو ذلیل و حقیر سمجھا جارہا تھا اس کلام کی انقلاب انگیز تاثیر نے ان کی شان کو بلند وبالا کرکے قیامت تک کے لئے ان کے ذکرِخیر کو جاری کردیا۔

دنیا میں جو بھی کچھ انقلاب نظر آرہا ہے بلاشبہ یہ اس عظیم کتاب کی بدولت ہے۔ ان خیالات کا اظہار بارہ بنکی کے موضع سیدنپور میں حفظ قرآن کی ایک تقریب کے موقع پر جامعہ مدینۃ العلوم رسولی کے سینئر استاد مولانا محمدارشد قاسمی نے کیا۔ انہوں نے مزید اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید جس کو تمام انسانوں کو حقیقی راستے کی طرف رہنمائی کرنے کے لئے نازل کیا گیا ہے۔

اس کے نزول کے لئے اللہ تعالی نے رمضان المبارک کے مہینہ کو منتخب کیا گیا۔ اور رمضان میں سب سے بہترین اورعظیم رات شب قدر کا انتخاب فرمایا۔ قرآن مجید ایک بے مثال کتاب ہے۔  اس کی عظمتوں اور رفعتوں کی کوئی انتہا نہیں۔ ہدایت اور اصلاح ، انقلاب اور تبدیلی ، ظاہر و باطن کی درستگی اور دنیا و آخرت کی تما م تر بھلائیوں اور کامیابوں کو اللہ تعالی نے اس میں جمع کر رکھا ہے۔ علوم ومعارف ، اسرار وحکم کی تمام باتیں اس میں بیان کی گئی ہیں۔

اس موقع پر مولانا فرمان مظاہری نے کہا کہ قرآن کریم اللہ کی مضبوط ترین رسی ہے۔ اس کو پکڑ کر چلنے والا کبھی ناکام و نامراد نہیں ہوسکتا۔ اس کی زبان ایسی ہے کہ دنیا کی دوسری زبان اس کے مشابہ نہیں ہوسکتی۔ اس کے علوم سے علماء کی تشنگی نہیں بجھتی۔ جو قرآن پرعمل کرے اس کو عظیم ترین اجر و ثواب عطا کیا جاتا ہے۔ جو قرآن کے مطابق فیصلہ کرے وہ انصاف کرے گا۔ قرآن مجید ہر اعتبار سے انسانوں کے فائدے اور نفع کا ذریعہ ہے۔ قرآن مجید تمام خیر و برکات کا سرچشمہ ہے۔ جس سے انسان سیراب ہوکر دنیا و آخرت کے خیرسے فیضیاب ہوتا رہے گا۔

اس خبر کو بھی پڑھ سکتے ہیں

اس کی جانب منسوب ہر چیز میں اللہ تعالی نے خیر رکھی ہے۔ اس کی تلاوت بھی نزولِ برکت کا ذریعہ ہے۔ اس کے سمجھنے ، اس پرعمل کرنے اور اس کی تعلیمات کو پھیلانے پر احادیث میں بڑے اجر و ثواب کے وعدے کئے گئے ہیں۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد ذیشان جامعی نے کہا کہ اس کے اندر ہم سے پہلے اور گذشتہ لوگوں کے حالات کے تذکرے ہیں۔ ہمارے بعد قیامت تک آنے والوں کا اس میں ذکر ہے۔ ہمارے آپس کے معاملات کے فیصلوں کا حکم اس میں موجود ہے۔

قرآن حق اور باطل کے درمیان فیصلہ کرنے کی چیز ہے۔ اس میں کوئی بات مذاق اور لایعنی نہیں ہے۔ جوشخص غرور اور فخر کی وجہ سے قرآن کو چھوڑدے گا اللہ تعالی اس کو ہلاک و برباد کردے گا۔ جوشخص قرآن کے علاوہ کسی اور چیز میں ہدایت ڈھونڈتا ہے اللہ اس کو گمراہی میں مبتلا کردیتا ہے۔ جلسہ میں قاری ابوذرصابری ، قاری محمد اکرم فرقانی ، مولانا اظہرالدین ندوی ، محمد اخلاق انصاری اور محمدجابر کی موجودگی قابل ذکر ذکر ہے۔

Recommended