Urdu News

ارجنٹینا کے خلاف فتح کے بعد جشن میں ڈوبا سعودی عرب، حکومت نے کیا چھٹی کا اعلان

ارجنٹینا کے خلاف فتح کے بعد جشن میں ڈوبا سعودی عرب

ریاض، 23 نومبر (انڈیا نیرٹیو)

 فیفا ورلڈ کپ کے تیسرے روز سعودی عرب نے ارجنٹینا کو ایک بڑے اپ سیٹ میں 1-2 سے شکست دے دی ہے۔ اس تاریخی فتح کے بعد پورے سعودی عرب میں جشن کا ماحول ہے۔ سعودی عرب کی حکومت نے اس جیت کی خوشی کو دوبالا کرتے ہوئے پورے ملک میں شہریوں کے لیے چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔

ٹیم کی اس تاریخی فتح پر شاہ سلمان نے سعودی عرب میں ایک دن کی چھٹی کا اعلان کیا ہے۔ اس فتح کی خوشی میں 23 نومبر کو سعودی عرب میں تعطیل رہے گی۔ یہ چھٹی تمام سرکاری اور پرائیویٹ ملازمین کے ساتھ ساتھ تمام طلبا  کو دی گئی ہے۔

بتادیں کہ ارجنٹینا کی ٹیم گزشتہ 36 میچوں سے ناقابل تسخیر تھی لیکن اس میچ میں اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ اس میچ میں پہلے ہاف کے بعد ارجنٹینا کی ٹیم 0-1 سے آگے تھی تاہم دوسرے ہاف میں سعودی عرب نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔

سعودی عرب کی جانب سے صالح السہری نے 48ویں منٹ میں گول کرکے میچ 1-1 سے برابر کردیا۔ اس کے ساتھ ہی 53ویں منٹ میں ہی سعودی عرب کی ٹیم نے اس برتری کو دگنا کردیا۔

ٹیم کی جانب سے دوسرا گول سالم الداوسری نے کر کے ٹیم کو 1-2 کی برتری دلائی۔ اس برتری کے بعد سعودی عرب نے کوئی بھی گول نہ کھاتے ہوئے میچ اپنے نام کیا۔

اس تاریخی جیت کے ساتھ ہی سعودی عرب کی ٹیم کی ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہنچنے کی امیدیں بڑھ گئی ہیں۔ سعودی عرب فیفا ورلڈ کپ کے گروپ سی میں ہے۔ ان کے علاوہ اس گروپ میں میکسیکو اور پولینڈ کی ٹیمیں ہیں۔

Recommended