اُردو ادب میں خواتین
تصویر کائنات میں خواتین کے وجود نے ہی رنگ آمیزی کی ہے۔ یوں تو زندگی کے ہر شعبے میں خواتین نے اپنی نمائندگی کو یقینی بنایا ہے۔ لیکن ادب سے اس کی دلچسپی اس لئے زیادہ رہی ہے کہ ادب زندگی کا آئینہ ہے اور اس آئینے میں خواتین کا چہرہ نظر نہیں آتا تو ادب بے مایہ ہو جاتا۔ زندگی کی طرح ادب کا محل بھی وجود زن سے قائم ہے۔ اس حقیقت کے باوجود اردو ادب کے تناظر میں خواتین کا چہرہ ایک زمانے تک گرد وغبار سے ڈھکا رہا۔ہمارے ملک میں صنف نازک سے تغافل کی پرانی روایت رہی ہے۔ اردو ادب کے آغاز میں بھی اس روایت کی پاسداری نظر آتی ہے۔ اردو کے تعلق سے اب یہ بات وثوق سے کہی جا سکتی ہے کہ اردو زبان کے ابتدائی نقوش دہلی اور اطراف دہلی میں ملتے ہیں۔ جبکہ اردو ادب کے ابتدائی نقوش دکن کی سرزمین میں نظر آئے۔ دکن میں اردو ادب کا جو ابتدائی سرمایہ ہے اس میں خواتین بطور مصنف اور شاعر نظر نہیں آتی ہیں لیکن بطور سرپرست ان کی خدمات نمایاں ہیں۔ مثال کے طور پر اردو کے پہلے صاحب دیوان شاعر محمد قلی قطب شاہ کی شاعری پر بھاگ متی عرف حیدر محل کے اثرات ہیں۔ دکن کے تین بادشاہوں کے دربار کی رونق بڑھانے والے شاعر اور نثر نگار مُلّا وجہی نے قطب مشتری میں اسی حیدر محل کو مشتری بنا کر پیش کیا ہے۔ دکنی ادب کے ممتاز محقق ڈاکٹر محی الدین قادری زور کی تحقیق کے مطابق بھاگ متی عرف حیدر محل نے مُلّا وجہی کے علاوہ اس زمانے کے دیگر کئی شعرا کی سرپرستی کی تھی۔ حیدر محل کے بعد ان کی اکلوتی بیٹی حیات بخشی بیگم نے بھی اردو ادب کی ترویج و ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ حیات بخشی بیگم کے والد سلطان محمد قلی قطب شاہ، ان کے شوہر سلطان محمد قطب اور ان کے بیٹے سلطان عبداللہ تینوں اردو کے شاعر تھے۔ بیٹی، بیوی اور ماں کے روپ میں حیات بخشی بیگم نے ان تینوں کی شاعری کو متاثر کیا ہے۔ بعد ازاں حیات بخشی بیگم کی صاحبزادی خدیجہ سلطان نے بھی اردو ادب کی بے پناہ خدمات انجام دیں۔ فارسی مثنوی ”خاور نامہ“ کا ترجمہ رستمی نے ملکہ خدیجہ سلطان کی فرمائیش پر کی تھی۔ مرزا محمد رفیع سودا ؔ کے عہد میں مغل شاہزادیاں جینا بیگم اور سلطان جہاں مخفی شاعری کر رہی تھیں۔ اختر شیرانی ؔ کی کتاب ”تذکرہ بیگمات“، مولوی جمیل احمد بریلوی کی کتاب ”شاعرات اردو“ اور مولوی عبد الباری آسی ؔ کی کتاب ”تذکرہ الخواتین“ میں ان خواتین کا ذکر تفصیل سے موجود ہے جنھوں نے اردو شعر و ادب کی خدمت کی ہے۔ بعد ازاں جامعہ عثمانیہ کی اسکالر ڈاکٹر رفیعہ سلطانہ نے کتاب ”اردو ادب کی ترقی میں خواتین کا حصہ“ لکھ کر ان گمنام خواتین کو بھی سامنے لانے کا کام کیا جنھیں زمانے نے بھلا دیا تھا۔ایک زمانے تک اردو ناقدین اس غلط فہمی کا شکار رہے کہ اردو ادب کی تاریخ میں خواتین دور اول میں کہیں نظر نہیں آتی ہیں۔ جبکہ حقیقت اس کے بر عکس ہے۔ اس سچائی سے بھی انکار ممکن نہیں کہ رفتہ رفتہ اردو ادب کے تئیں خواتین میں بے داری پیدا ہوئی اور پھر ہر سطح پر خواتین نے اردو شعر و ادب کے سرمائے میں اضافہ کیا۔
اُردو ادب میں خواتین کے بڑھتے رجحان کی نشاندہی دو سطح پہ کی جا سکتی ہے۔ ایک تصنیف و تالیف اور تخلیق کی سطح پر اور دوسری بطور قاری حصہ داری کے طور پر۔ ہر دو سطح پہ خواتین کی حصہ داری کا رجحان بیسویں صدی کی پہلی دہائی سے ہی زیادہ واضح نظر آنے لگا۔ ادب کی تخلیق کے ساتھ ساتھ اردو ادب پڑھنے کا رجحان بھی خواتین میں تیزی سے بڑھا ہے جو کہ ایک خوش آئیند بات ہے۔ اکیسویں صدی کی اِن دو دہائیوں میں تو خواتین نے اردو ادب کے منظر نامے پہ اپنی بھرپور اور با معنی موجودگی درج کرائی ہے۔ نئی مواصلاتی ٹیکنالوجی کے عام ہونے سے بھی خواتین میں اردو ادب پڑھنے کا رجحان بڑھا ہے۔ رسائل و جرائد کے آن لائن ایڈیشن نے خواتین میں اردو ادب پڑھنے کے شوق کو پروان چڑھایا ہے۔ بیسویں صدی کی تیسری و چوتھی دہائی میں جب ہندوستان میں ریڈیو کا چلن عام ہونے لگا تو یہ بات سامنے آئی کہ اب کتاب و رسائل پڑھنے کا چلن ختم ہو جائے گا یا کم ہو جائے گا۔ لیکن جس رفتار سے ریڈیو نے ترقی کی اسی رفتار سے اردو ادب کی کتابیں بھی منظر عام پر آنے لگیں۔ لیتھو پریس کے بعد جب آفسیٹ پریس آیا تب کتابوں کے ساتھ رسائل و جرائد کی اشاعت میں بھی خاطر خواہ ترقی ہوئی۔ کئی ادبی و نیم ادبی رسائل کے سروے میں یہ بات سامنے آئی کہ ان رسائل کے پڑھنے والوں میں خواتین کی حصہ داری پچاس فیصد سے زیادہ ہے۔
جدید مواصلاتی ٹیکنالوجی کی مدد سے آج خواتین جو ادب پڑھ رہی ہیں اس کے اعلیٰ درجہ کے ادب ہونے میں یقینا شک ہے۔ لیکن ادب کی درجہ بندی ناقدین ادب کا کام ہے۔ ادب عالیہ، لوک ادب، تفریحی ادب، جاسوسی ادب، سِرّی ادب، پاپولر لٹریچر یا کوئی بھی ادب پڑھنے کا رجحان اگر خواتین میں بڑھ رہا ہے تو یہ خوش آئیند بات ہے۔ خواتین میں اردو ادب پڑھنے کا رجحان جس تیزی سے بڑھے گا اسی تیزی سے ان کی زندگی میں مثبت تبدیلی رونما ہوگی۔ اردو ادب کی جتنی اصناف ہیں ان میں غزل، ناول اور افسانہ ایسی اصناف ہیں جنھیں خواتین دلچسپی سے پڑھتی ہیں۔ قصیدہ، مرثیہ، مثنوی یا سفر نامہ جیسی اصناف عام طور پر وہی خواتین پڑھتی ہیں جنھیں کسی کالج یا یونیورسٹی کی نصابی ضرورتوں کو پورا کرنا ہو۔افسانہ اور ناول کا معاملہ یہ ہے کہ بانو قدسیہ، عصمت چغتائی، واجدہ تبسم اور رضیہ بٹ جیسی فکشن لکھنے والیوں کی کتابیں آج بھی ہزاروں کی تعداد میں فروخت ہو رہی ہیں۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ اردو میں ناول نگاری کا آغاز کرنے والے ڈپٹی نذیر احمد اور مصور غم کے لقب سے نوازے گئے راشد الخیری جس طرح خواتین کی اصلاح کے لئے ناول اور افسانے لکھ رہے تھے، اس کی آج ضرورت نہیں ہے۔ آج کا سماج،خواتین کے لئے وہ سوچ نہیں رکھتا ہے جو راشد الخیری کے زمانے میں تھا۔ آج کی خوا تین اپنے حقوق سے واقف ہیں اور اپنی زندگی کی سمت و رفتار طے کرنے کی قوت اور صلاحیت رکھتی ہیں۔.
رجنی کانت کی ’جیلر‘ جمعرات کو ریلیز ہوئی۔ فلم کو پہلے دن سینما گھروں میں…
مضمون نگار: زبیر قریشی میری ماٹی، میرا دیش مہم نے وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع…
جموں و کشمیر کی یونین ٹیریٹری میں تنظیم نو کے بعد ہونے والی اہم تبدیلیوں…
شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ سے تعلق رکھنا والا محمد مقبول ڈار نامی قالین…
زعفران کی جی آئی ٹیگنگ کے بعد، کسانوں نے اس کی پیداوار میں اضافہ کیا…
سری نگر میں، لال چوک پر نئے تجدید شدہ تاریخی کلاک ٹاور ایک خوشگوار حیرت…