Urdu News

ترکیہ، شام، لبنان، مصر میں 6.4 شدت کے زلزلے کے جھٹکے

انقرہ (ترکی) / دمشق (شام)،21 فروری (انڈیا نیریٹو)

ترکیہ اور شام میں پیر کو ایک بار پھر طاقتور زلزلے کے دو جھٹکے محسوس کیے گئے۔ یہ زلزلہ ترکیہ اور شام کے سرحدی علاقے میں زمین پر دو کلومیٹر (1.2 میل) کی گہرائی میں آیا۔ یورپی بحیرہ روم کے زلزلہ پیما مرکز نے کہا ہے کہ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 6.4 تھی جس کی وجہ سے کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا اور تین افراد ہلاک ہو گئے۔ لبنان اور مصر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 6 فروری کو ترکیہ اور شام میں زلزلے نے بڑی تباہی مچائی تھی۔ پیر کے زلزلے کی وجہ سے امدادی کاموں میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ تین افراد ہلاک اور 213 زخمی ہوئے ہیں۔ ترکیہ اور شام میں اب تک 32 آفٹر شاکس آ چکے ہیں۔

ترکیہ کی ڈیزاسٹر ایجنسی کے مطابق جنوبی صوبہ ہٹے کے سمنداگ میں 5.8 شدت کا زلزلہ آیا تو انتاکیا میں 6.4 شدت کا زلزلہ آیا۔ ماضی میں آئے شدید زلزلے کی وجہ سے لوگ اب بھی خوف و ہراس میں ہیں۔ آج 6.4 کی شدت کے زلزلے کے فوراً بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے اور چاروں طرف افراتفری مچ گئی۔ مصر اور لبنان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ترکیہ-شام میں 6 فروری کو آئے زلزلے میں اب تک 45 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ مرنے والوں کی تعداد روز بروز بڑھ رہی ہے۔

Recommended