ریاض،15فروری(انڈیا نیریٹو)
شاہ سلمان ریلیف سنٹرکے جنرل سپروائزر عبداللہ الربیعہ نے منگل کو کہا ہے کہ ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے سے متاثرہ افراد کی مدد کو ہفتوں اور شاید مہینوں تک جاری رکھنے کی ضرورت ہے، کیونکہ اس سانحے کے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ڈاکٹر الربیعہ نے وضاحت کی کہ سعودی امدادی مہم ترکیہ اور شمالی شام میں جاری ہے۔ شام کے علاقے حلب میں رضاکارانہ خدمات کا دروازہ ابھی بھی کھلا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ مرکز زلزلے سے متاثرہ افراد کے لیے عارضی خیمے فراہم کرنے میں کامیاب رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب زلزلہ سے متاثرہ افراد کے لیے 3000 عارضی عمارتیں تعمیر کرے گا۔ اس کے علاوہ سعودی عرب شام اور ترکیہ کو ادویات، خوراک اور فوری ضرورت کی اشیا کی شکل میں امداد کی فراہمی جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملکت ان اولین ممالک میں سے ایک ہے جو آفت کے بعد فوری حرکت میں آیا کیونکہ وہ حلب میں ترجیحات طے کرنے اور مدد فراہم کرنے کے لیے شامی ہلال احمر کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مملکت کی امداد مختصر وقت میں الگ الگ مقامات پر کام کررہی ہے۔تباہ کن زلزلے کے بعد ترکیہ اور شام کی امداد کے لیے عطیات “ساہم” پلیٹ فارم کے ذریعے 354 ملین ریال سے زیادہ ہوگئے ہیں اور 1.604 ملین افراد نے عطیات دیے ہیں۔