Urdu News

دہلی میں سردی کا ستم،صفدرجنگ میں پارہ 1.9،گھنا کوہرا،ریل اور ہوائی ٹریفک متاثر

دہلی میں سردی کا ستم

نئی دہلی،8 جنوری (انڈیا نیرٹیو)

 قومی راجدھانی دہلی اور پورا شمال مغربی ہندوستان شدید سردی کی گرفت میں ہے۔ سردیوں کا ستم رکتا نظر نہیں آرہا ہے۔ راجدھانی کی صبح کوہرے کی موٹی چادر میں لپٹی ہوئی تھی۔ حد بصارت بھی کم تھی۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات کے مطابق، دہلی کے صفدرجنگ میں اتوار کی صبح کم سے کم درجہ حرارت 1.9، آیا نگر 2.6، لودھی روڈ 2.8 اور پالم میں 5.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی، اتر پردیش سمیت ملک کے مختلف حصوں میں صبح کے وقت کوہرے کی چادر بچھی رہی۔ پنجاب کے امرتسر، پٹیالہ اور ہریانہ کے امبالہ میں صبح 5.30 حد بصارت 25 میٹر، راجستھان کے گنگا نگر میں 25، پنجاب کے بھٹنڈا میں 0، دہلی کے صفدرجنگ اور پالم میں 50 میٹر، اتر پردیش کے بریلی میں 25، آگرہ میں 0، لکھنو میں 50 میٹر حد بصارت رہی۔

گھنے کوہریکے سبب سڑک، ریل اور ہوائی ٹریفک متاثر ہے۔ ناردرن ریلوے نے کہا ہے کہ کوہرے کی وجہ سے 42 ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں۔ خراب موسم کی وجہ سے دہلی ہوائی اڈے پر تقریباً 20 پروازیں تاخیر سے چل رہی ہیں۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ صبح 6 بجے تک طیارے کے روٹ میں کسی قسم کی تبدیلی کی کوئی اطلاع نہیں تھی۔ دوسری جانب حد نگاہ انتہائی کم ہونے کی وجہ سے ڈرائیوروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

Recommended