نئی دہلی،16 دسمبر (انڈیا نیریٹو)
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ حکومت ڈیجیٹل قرض دینے کی پیشکش کرنے والی مختلف چینی ایپ کے ذریعے عام آدمی کو دھوکہ دہی سے بچانے کے لیے ٹھوس کارروائی کر رہی ہے۔
وزیر خزانہ نے جمعہ کو ایوان بالا میں ترنمول کانگریس کے رکن ندیم الحق کے سوال کے جواب میں یہ بات کہی۔ راجیہ سبھا میںوقفہ صفر کے دوران، حق نے ڈیجیٹل قرض دینے والے ایپ کے ذریعے عام آدمی کو دھوکہ دینے کا معاملہ اٹھایا۔ سیتا رمن نے کہا ہے کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ لوگ چینی ایپ کا شکار نہ ہوں۔
اس معاملے کو اٹھاتے ہوئے، حق نے کہا کہ ایسی تقریباً 1100 ایپس ہیں جو آسان قرضوں کا وعدہ کرتی ہیں، جن میں سے تقریباً 600 ایپس غیر قانونی ہیں۔ یہ ریزرو بینک آف انڈیا (آربی آئی) کے رہنما خطوط کے دائرے سے باہر ہیں۔ ان غیر قانونی ایپس میں بڑی تعداد چینی ایپس کی ہے۔ اس کے جواب میں سیتا رمن نے کہا کہ ریزرو بینک چینی ایپ کے معاملے پر کارروائی کر رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ وزارت خزانہ کے ساتھ دیگر متعلقہ وزارتیں بھی اس پر کام کر رہی ہیں، تاکہ عام آدمی کے ساتھ کوئی فراڈ نہ ہو۔ سیتا رمن نے کہا کہ پچھلے سات مہینوں میں انہوں نے ذاتی طور پر ریزرو بینک، وزارت خزانہ اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے حکام کے ساتھ اس کی جانچ کرنے کے لیے کئی میٹنگیں کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے میں بھی کارروائی کی گئی ہے۔