نئی دہلی، 11 ستمبر 2021:
اطلاعات و نشریات نیز نوجوانوں کے امور کے مرکزی وزیر جناب انوراگ ٹھاکر نے آج 128 سال قبل شکاگو کی مذاہب کی عالمی پارلیمنٹ میں دی گئی سوامی وویکانند کی تاریخی تقریر پر جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں ایک تقریب سے خطاب کیا۔
وزیر موصوف نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ آج آپ کو ایک ایسے وقت میں خطاب کرنے کی دعوت دی گئی ہے جب ہم 1893 میں شکاگو میں مذاہب کی عالمی پارلیمنٹ میں سوامی وویکانند کی تاریخی تقریر کا 128 واں سال منا رہے ہیں۔ ان کی تقریر نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ آج بھی یہ تقریر اب تک کی سب سے طاقت ور اور یادگار تقریروں میں سے ایک ہے۔ اس بصیرت افروز اور روح کی گہرائیوں میں اتر جانے والے خطاب میں ایک ایسی اپیل ہے جسے کبھی فراموش اور نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔'
وزیر موصوف نے مزید کہا کہ ہم ایک قوم ہیں اور ہمیں اپنے ورثے پر فخر ہے اور ہم مستقبل میں آگے بڑھنے کے منتظر ہیں۔ ہم ایک ایسی قوم ہیں جو نئے خیالات کی قدر کرتی ہے اور نئے بھارت کی تعمیر کے لیے اختراع پر اپنی توجہ مرکوز کر رہی ہے۔ ہم وہ قوم ہیں جو روحانیت کی شفا بخش طاقت اور سافٹ ویئر کی انقلاب ساز طاقت دونوں پر یقین رکھتی ہے تاکہ اس دنیا کو ایک بہتر مقام بنایا جا سکے!'
انھوں نے مزید کہا کہ سوامی وویکانند جی کے خیالات وزیر اعظم نریندر مودی جی کے'سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس' کے وژن اور منتر میں مضمر ہیں۔'
جناب ٹھاکر نے کہا، "یہ پہلا موقع تھا جب مشرق اور مغرب کے درمیان روحانی مکالمہ کے آغاز کی راہ ہم وار ہوئِ۔ اپنی تقریر کے ذریعے انھوں نے ہماری قدیم تہذیب اور ثقافتی شناخت کو پوری دنیا کے سامنے رکھا۔ ان کے الفاظ نے بہت سے لوگوں کو ہماری قومی شناخت کو مزید مضبوط بنانے کی ترغیب دی۔ میں آپ کو یاد دلاتا ہوں کہ یہ برطانوی راج کا وقت تھا۔ نوآبادیاتی قوتوں نے صرف ہماری زمین کو لوٹا تھا… بلکہ انھوں نے ہمارے متمول قدیم ماضی کو ختم کرنے، ہمارے عوام کو تقسیم کرنے اور ہمارے تاریخی ورثے اور دنیا میں بھارت کے مقام کو مسخ کرنے کی کوششیں بھی کی تھیں۔ سوامی وویکانند ایک عظیم روحانی شخصیت تھے۔ ایک مفکر کی حیثیت سے دنیا بھر میں ان کا احترام کیا جاتا تھا۔ وہ ایک روحانی ہستی تھے جن کے خیالات آج بھی مسلسل ہمارے نظریات کو تشکیل دے رہے ہیں۔ بھارت 135 کروڑ بھارتیوں کی ایک نوجوان قوم ہے جو آگے بڑھنے اور پوری دنیا کی قیادت کرنے کے لیے تیارہے۔'