Urdu News

خواتین کی ٹی۔20 انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے والی کھلاڑی بن گئیں ہرمن پریت کور

ممبئی، 15 دسمبر ( انڈیا نیریٹو)

ہندوستانی کپتان ہرمن پریت کور خواتین کی ٹی ۔20 انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے والی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ کور نے بدھ کو ممبئی میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹی۔20 میچ کے دوران یہ کارنامہ انجام دیا۔

کور نے اپنا 140 واں ٹی۔20 میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلا۔ انہوں نے 140ٹی۔20 میچوں کی 125 اننگ میں 27.36 کی اوسط سے 2736 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے فارمیٹ میں 103 کے بہترین اسکور کے ساتھ ایک سنچری اور آٹھ نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔

سب سے زیادہ ٹی۔20 انٹرنیشنل کھیلنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر سوزی بیٹس (نیوزی لینڈ، 139 ٹی۔20)، تیسرے نمبر پر ڈینی وائٹ (انگلینڈ، 136ٹی۔20)،چوتھے نمبر پر الیسا ہیلی (آسٹریلیا، 135 ٹی20) اور پانچویں نمبر پر ایلیسے پیری(آسٹریلیا129ٹی۔20) ہیں۔

میچ کی بات کریں تو آسٹریلیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 8 وکٹوں پر 172 رن بنائے۔ ایلیس پیری نے 47 گیندوں پر 75 رن کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی جس میں نو چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ پیری کے علاوہ بیتھ مونی نے 30 اور گریس ہیرس نے 18 گیندوں میں چار چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 41 رن بنائے۔

بھارت کی جانب سے رینوکا سنگھ، انجلی ساورنی، دیویکا ویدیہ اور دیپتی شرما نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں بھارتی ٹیم 20 اوورمیں 7 وکٹوں پر 151 رن ہی بنا سکی۔ بھارت کی جانب سے اوپنر شیفالی ورما نے شاندار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 52 رن بنائے۔ شیفالی کے علاوہ کپتان ہرمن پریت کور نے 37 اور دیپتی شرما نے ناٹ آوٹ 25 رن بنائے۔

Recommended