رانچی، 28 جنوری (انڈیا نیریٹو)
نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی 20 میچ میں بھارت کو 21 رنوں سے شکست دے کر تین میچوں کی ٹی 20 سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ اس میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 176 رنز بنائے۔ جواب میں بھارتی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 155 رنز ہی بنا سکی۔ بھارت کی جانب سے واشنگٹن سندر نے شاندار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 50 رنز بنائے۔ سندر کے علاوہ سوریہ کمار یادو نے 47 رنز بنائے۔
ایش سوڑھی نے سوریہ کمار یادو کو آوؤٹ کر کے بھارت کو چوتھا جھٹکا دیا
نیوزی لینڈ کے 177 رنز کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم کا آغاز خراب رہا اورصرف 15 رن کے اسکور پر ایشان کشن (04)، شبھمن گل (07) اور راہل ترپاٹھی (00) بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ہاردک پانڈیا اور سوریہ کمار یادو نے چوتھی وکٹ کے لیے 68 رنز جوڑے۔ 83 کے مجموعی سکور پر ایش سوڑھی نے سوریہ کمار یادو کو آوؤٹ کر کے بھارت کو چوتھا جھٹکا دیا۔ سوریا نے 34 گیندوں میں 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے۔
سوریا کے آوؤٹ ہونے کے بعد ہاردک بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ بریسویل نے انہیں پویلین بھیج دیا۔ ہاردک نے 20 گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 21 رنز بنائے۔ 16ویں اوور میں دیپک ہڈا 111 کے مجموعی اسکور پر 10 رنز بنانے کے بعد مچل سینٹنر کے ہاتھوں اسٹمپ ہو گئے۔ 17ویں اوور میں شیوم ماوی 2 رنز بنانے کے بعد رن آوؤٹ ہو گئے۔ 127 کے مجموعی اسکور پر لوکی فرگوسن نے کلدیپ یادیو (00) کو آوؤٹ کر کے بھارت کو آٹھواں جھٹکا دیا۔
جیکب ڈفی اور ایش سوڑھی نے 1-1 وکٹ حاصل کی
فرگوسن نے سندر کو 151 کے مجموعی اسکور پر پویلین بھیجا۔ سندر نے 28 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔ بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 155 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے لوکی فرگوسن، مچل سینٹنر اور مائیکل بریسویل نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔ ان دونوں کے علاوہ جیکب ڈفی اور ایش سوڑھی نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل اس میچ میں ہندوستانی کپتان ہاردک پانڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ فن ایلن اور ڈیون کونوے نے نیوزی لینڈ کو ایک تیز آغاز فراہم کیا۔ دونوں نے پہلی وکٹ کے لیے 4.1 اوور میں 43 رنز جوڑے۔ اس اسکور پر واشنگٹن سندر نے پہلے فن ایلن اور پھر مارک چیپ مین کو یکے بعد دیگرے آوؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو دو جھٹکے دیے۔ ایلن نے 23 گیندوں پر 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 35 رنز بنائے جبکہ چیپ مین کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔
کونوے نے 35 گیندوں میں 7 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 52 رنز بنائے
اس کے بعد گلین فلپس اور کونوے نے اننگز کو آگے بڑھایا اور اسکور کو 100 سے آگے لے گئے۔ 13 ویں اوور میں 103 کے مجموعی اسکور پر کلدیپ نے فلپس (17) کو آوؤٹ کرکے نیوزی لینڈ کو تیسرا جھٹکا دیا۔ 18ویں اوور میں 139 کے مجموعی سکور پر ارشدیپ سنگھ نے کونوے کو آوؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو چوتھا جھٹکا دیا۔ کونوے نے 35 گیندوں میں 7 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 52 رنز بنائے۔ کونوے کے آوؤٹ ہونے کے بعد مائیکل بریسویل (01) اور مچل سینٹنر (07) یکے بعد دیگرے پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد ڈیرل مچل ارشدیپ سنگھ کے ذریعے بولڈ ہونے سے پہلے میچ کے آخری اوور میں 27 رنز جوڑ کر نیوزی لینڈ کو 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 176 تک پہنچا دیا۔ مچل نے اس اوور میں 3 چھکے اور ایک چوکا لگایا۔ مچل نے 30 گیندوں پر 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 59 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے واشنگٹن سندر نے 2، کلدیپ یادو، شیوم ماوی اور ارشدیپ سنگھ نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔