Urdu News

ترکیہ میں پر ہجوم مقام پرزوردار بم دھماکہ؛ 6 افراد جاں بحق

استنبول ،14نومبر (انڈیا نیریٹو )

ترکیہ کے استقلال ایونیو میں زور دار بم دھماکا ہوا جس میں 6 افراد جاں بحق اور 50سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ کے شہر استنبول کے علاقے استقلال ایونیو میں زورد دار دھماکا ہوا۔ جس جگہ دھماکا ہوا وہاں کافی تعداد میں راہگیر موجود تھے اور یہ مصروف ترین علاقہ ہے۔

ترک صدر طیب اردغان نے دھماکے میں 6 افراد کے جاں بحق اور 53 کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ایک بم دھماکا تھا۔ بم دھماکے ذمہ داروں کو سخت سزائیں دیں گے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ یہ ایک بم دھماکہ تھا اور بارودی مواد کو گملوں میں چھپایا گیا تھا۔

دھماکے کے بعد پ±ر ہجوم مقام پر افراتفری مچ گئی اور شہری مدد کو پکارنے لگے۔ کئی افراد کچلے جانے کے باعث زخمی ہوئے۔ ہفتہ وار تعطیل کی وجہ سے بھی اس مقام پر کافی بِھیڑ تھی۔دھماکے کے فوری بعد ایمبولینسوں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو جائے حادثہ کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا جب کہ پولیس غیر متعلقہ افراد کو وقوعہ پر جانے سے روک دیا۔واضح رہے کہ ترکیہ میں داعش نے کئی بار خود کش حملے کیے ہیں اور 2017 میں ایک نائٹ کلب میں مسلح افراد کے حملے میں 39 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

Recommended