Urdu News

یوکرین کو ٹینک کی مدد کا وعدہ : شمالی کوریا نے امریکہ پر پراکسی جنگ بڑھانے کا لگایا الزام

نئی دہلی، 28 جنوری (انڈیا نیریٹو)

یوکرین کو ٹینک فراہم کرنے کے واشنگٹن کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے شمالی کوریا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا روس کو تباہ کرنے کے ارادے سے پراکسی جنگ کو بڑھا رہا ہے۔

جمعہ کو دیر رات جاری ہونے والے ایک بیان میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی بہن کم یو جونگ نے یوکرین کے بحران کا ذمہ دار امریکہ کو ٹھہرایا اور اس پر ٹینک بھیج کر ریڈ لائن عبور کرنے کا الزام لگایا ہے۔

غور طلب ہے کہ اس ہفتے کے شروع میں امریکی صدر جو بائیڈن نے ماسکو سے لڑنے کے لیے کیف کو طاقتور ٹینک 31 ایم ون ابرام دینے کا وعدہ کیا ہے۔ اس حوالے سے شمالی کوریا کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

واشنگٹن کو کٹر مجرم قرار دیتے ہوئے شمالی کوریا نے دعویٰ کیا ہے کہ پیونگ یانگ ہمیشہ روس کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ شام اور روس کے علاوہ شمالی کوریا واحد ملک ہے جس نے مشرقی یوکرین میں دو روسی حمایت یافتہ علیحدگی پسند انکلیو لوہانسک اور ڈونیٹسک کی آزادی کو تسلیم کیا ہے۔

Recommended