ہندوستان یکم دسمبر سے باضابطہ طور پر صدارت سنبھالے گا۔
بالی، 17 نومبر (انڈیا نیریٹو)۔
ہندوستان اب دنیا کی خوشحال سپر پاورز کے گروپ جی-20 کا صدر بن گیا ہے۔ انڈونیشیا کے بالی میں منعقد دو روزہ سربراہ اجلاس کے اختتام پر انڈونیشیا کے صدر جو کو وی ڈو ڈو نے بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کو جی ۔20گروپ کی قیادت سونپی ۔ وزیر اعظم مودی نے بھی اسے ایک قابل فخر لمحہ قرار دیا۔
جی-20 سربراہی اجلاس اگلے سال 9-10 ستمبر کو دہلی میں ہوگا۔
انڈونیشیا کے شہر بالی میں جی-20 ممالک کا جاری دو روزہ سربراہی اجلاس بدھ کو اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی تقریب میں انڈونیشیا کے صدر جوکو وی ڈوڈو نے باضابطہ طور پرجی-20 گروپ کی صدارت بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو سونپ دی۔ ہندوستان یکم دسمبر سے باضابطہ طور پر جی-20 کی صدارت سنبھالے گا۔
اس موقع پر بھارتی وزیراعظم مودی نے کہا کہ جی-20 کی قیادت کرنا ہر ہندوستانی کے لیے فخر کی بات ہے۔ گروپ آف 20 کی سرگرمیوں سے متعلق میٹنگیں ہندوستان کے مختلف شہروں اور ریاستوں میں منعقد کی جائیں گی۔ اس دوران مہمانوں کو ہندوستان کی شاندار، متنوع اور جامع روایات کے ساتھ ساتھ اس کی ثقافتی دولت کا تجربہ کرنے کا موقع ملے گا۔
جی-20 گروپ 2008 میں اقتصادی کساد بازاری کے بعد تشکیل دیا گیا تھا۔ یہ گروپ عالمی سطح پر اقتصادی معاملات میں تعاون کے لیے کام کرتا ہے۔ جی-20 سربراہی اجلاس ہر سال منعقد ہوتا ہے۔ ایک طرح سے جی-20 سربراہی اجلاس کے دوران عالمی معیشت کا ایجنڈا طے کیا جاتاہے۔ جی-20 گروپ میں دنیا کی اعلیٰ معیشتوں والے 19 ممالک اور یورپی یونین شامل ہیں۔
ہندوستان اور یورپی یونین کے علاوہ امریکہ، ارجنٹائن، آسٹریلیا، برطانیہ، برازیل، کینیڈا، چین، جنوبی افریقہ، جنوبی کوریا، اٹلی، فرانس، جرمنی، انڈونیشیا، جاپان، میکسیکو، روس، سعودی عرب اور ترکی اس کے رکن ہیں۔ ج انڈونیشیا سے صدارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد اب ہندوستان اگلے ایک سال تک جی-20 گروپ کی قیادت کرے گا۔ ہندوستان اگلے سال 2023 میں جی-20 سربراہی اجلاس کی میزبانی کرے گا اور اگلیجی-20 چوٹی کانفرنس 9 اور 10 ستمبر کو دارالحکومت دہلی میں ہوگی۔