واشنگٹن،14دسمبر(انڈیا نیریٹو)
امریکا کی یوکرین کو جدید ترین پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم بھیجنے کی تیاری جاری ہے۔امریکی عہدے داروں کے مطابق واشنگٹن پیٹریاٹ سسٹم فراہم کرنے کے بارے میں کل تک کسی فیصلے کا اعلان کر سکتا ہے۔روس کے سابق صدر دمتری میدودیف خبردار کر چکے ہیں کہ روس کیف کو پیٹریاٹ میزائل ڈیفنس سسٹم سے لیس کرنے کے خلاف ہے۔
امکان ہے کہ کریملن اس اقدام کو بڑھتی ہوئی اشتعال انگیزی کے طور پر دیکھے گا۔یوکرینی حکام کے مطابق امریکا کے اپنے جدید ترین پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم کو یوکرین بھیجنے کے منصوبے کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے گزشتہ روز کیف کے واشنگٹن کے ساتھ اعلیٰ سطح کے فوجی مذاکرات ہوئے ہیں۔
امریکی اہلکار نے کہا ہے کہ پیٹریاٹ ا?لات کی فراہمی سے قبل ممکنہ طور پر یوکرینی افواج کو جرمنی میں تربیت دی جائے گی، جس میں کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔واضح رہے کہ اتحادیوں نے یوکرین کے لیے موسمِ سرما سے نمٹنے کے لیے 1 ارب ڈالرز کی امداد دینے کا وعدہ کیا تھا۔