Urdu News

وائٹ ہاؤس نے طالبان کے خواتین کی تعلیم پر پابندی کی تنقید کی

کیرن جیان پیئر

واشنگٹن،4 جنوری (انڈیا نیریٹو)

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان کی خواتین کے ساتھ کھڑا ہے اور ملک میں لڑکیوں کی تعلیم پر پابندیاں لگانے کے طالبان کے حالیہ اقدام کی شدید مذمت کرتا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری کیرن جیان پیئر نے اپنی یومیہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’ہم افغانستان کی خواتین کے ساتھ ہیں اور طالبان کے لڑکیوں کی تعلیم اور حقوق کو محدود کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔ جیسا کہ ہم پہلے کہہ چکے ہیں کہ طالبان کے یہ اقدامات اسے عالمی برادری سے مزید الگ تھلگ کر دیں گے اور اس کی حکمرانی کو قانونی حیثیت دینے کی خواہش بھی پوری نہیں ہو گی۔‘‘

وائٹ ہاؤس کے پریس سکریٹری نے کہا کہ ہم اس معاملے پر اپنے اتحادیوں سے رابطے میں ہیں۔ ہم افغان خواتین اور لڑکیوں کی مدد اور افغانستان میں لوگوں کو مضبوط انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے اپنی مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات کرتے رہیں گے۔ ہم اس پر ڈٹے رہیں گے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ طالبان نے ایک نیا حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں خواتین کے یونیورسٹیوں میں جانے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ اس کی وجہ سے طالبان کو اس وقت پوری دنیا میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

Recommended