Urdu News

مدارس کے طلبا نے کیا سائنس ماڈل نمائش کا انعقاد

علی گڑھ، 19 دسمبر(انڈیا نیریٹو)

یومِ حقوق اقلیت کے موقع پر جامعہ اردو علی گڑھ میں ایک سائنس نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع بھر کے مدارس کے طلباء نے حصہ لیا،مدارس کے طلباء وطالبات کے ذریعہ بنائے گئے ماڈلوں کو مہمانِ خصوصی اترپردیش اقلیتی کمیشن کی رکن انتیا جین نے سراہا اور بچوں کے روشن مستقبل کی تمنا کی اور کہا کہ مدارس کے بچوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ہے ان پر توجہ کی ضرورت ہے۔

سرکار سب کا ساتھ سب کا وکاس اور سب کے وشواس کے اصول پر کار بند ہے سبھی کو ترقی کے یکساں مواقع مہیا کرائے جائیں گے۔جن مدارس کے بچوں نے سائنس نمائش میں حصّہ لیا ان میں مدرسہ اسلامیہ عربیہ جامع مسجد، مدرسہ سراج العلوم نسواں کالج،مدرسہ لطفیہ عربیہ، مدرسہ عربیہ بالائے قلعہ،مدرسہ کے جی این اسکول، ایم ایف کیو کالج،مدرسہ سرسید ہائی اسکول، ایچ آئی انٹر کالج،مدرسہ الحمد اسلامیہ کے نام شامل ہیں۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی انیتا جین نے مدرسہ اسلامیہ عربیہ کے دو طلباء وکو ایک ایک ہزار روپیہ کے انعام سے بھی سرفراز کیا جو مقابلہ جاتی امتحان کے مسلم یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کرکے مین اسٹریم کی تعلیم کا حصہ بنے۔اس موقع پر منعقد مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی انیتاجین نے کہا کہ اقلیتوں کے متعلق جو اسکیمیں حکومتوں کے ذریعہ چلائی جارہی ہیں ان کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی جائے اورکوشش کی جائے کہ ان سے متعلقین کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ہوسکے۔

کسی بھی کمیونٹی کی ترقی کا راستہ صرف تعلیم سے گزرتا ہے

مہمانِ اعزازی سردار دلجیت سنگھ جی نے کہا کہ کسی بھی کمیونٹی کی ترقی کا راستہ صرف تعلیم سے گزرتا ہے اس لیے آپ لوگ اپنے بچوں کو تعلیم دیں۔ جے سنگھ سمن نے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے بیان کو دہراتے ہوئے کہا کہ آدھی روٹی کم کھاؤ لیکن اپنے بچوں کو اچھی تعلیم ضروردو۔

جو لوگ تعلیم سے وابستہ ہیں انہیں تعلیم کے دروازے مزیدکھولنے چاہئیں۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد ابراہیم قاسمی،ڈاکٹر ساجد،فرحت علی خان،ڈاکٹر صادق علی خان، مدرسہ اسلامیہ عربیہ کے پرنسپل سمیع الرحمن، ڈاکٹر محمد یونس، مسلم باری، طارق بن اقبال، ڈاکٹر مظفر علی،ایم ضوان کے ساتھ محکمہ اقلیتی بہبود کا تمام عملہ موجود تھا

Recommended