Urdu News

سوشانت سنگھ راجپوت کے قتل کے دعوے کے بعد بہن نے کیاسی بی آئی تفتیش کا مطالبہ

حال ہی میں ممبئی کے کوپر اسپتال کے ملازم روپ کمار نے آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کے بارے میں چونکا دینے والا انکشاف کیا ہے۔ اس کے بعد ایک بار پھر سوشل میڈیا پر سوشانت سنگھ راجپوت کے لیے انصاف کا مطالبہ اٹھنے لگا ہے۔ دریں اثنا، آنجہانی اداکار کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے بھی ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس معاملے میں سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔

سوشانت سنگھ نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے قتل کیا گیا ہے

درحقیقت کوپر ہسپتال کے ایک ملازم نے دعویٰ کیا ہے کہ سوشانت سنگھ نے خودکشی نہیں کی بلکہ اسے قتل کیا گیا ہے۔ ملازم کا کہنا ہے کہ اداکار کے جسم پر’فریکچر کے نشان‘ تھے۔ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اس ملازم نے مبینہ طور پر 2020 میں سوشانت سنگھ راجپوت کا پوسٹ مارٹم دیکھا تھا۔ اس ملازم کے اس بڑے دعوے کے بعد سوشانت سنگھ راجپوت ایک بار پھر سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگے ہیں۔ لوگ اس پورے معاملے کی نئی تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

دریں اثنا منگل کے روز سوشانت کی بہن شویتا کریتی سنگھ نے ایک بار پھر ٹویٹ کرکے سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر لکھا ،’ اگر اس ثبوت میں ایک ذرہ بھی سچائی ہے تو ہم سی بی آئی سے اس پر سنجیدگی سے غور کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ ہمیں ہمیشہ یقین رہا ہے کہ آپ لوگ منصفانہ تحقیقات کر کے ہمیں سچ بتائیں گے۔ سپریم کورٹ کی کلوزر رپورٹ نہ ملنے کے درد سے ہمارے دل آج بھی تڑپ رہے ہیں، اس کے ساتھ انہوں نے سوشانت سنگھ راجپوت کے لیے جسٹس ہیش ٹیگ کا بھی استعمال کیا ہے۔ انہوں نے اسپتال کے ملازم روپ کمار کے لیے بھی سیکورٹی مانگی ہے۔ شویتا کریتی سنگھ کی پوسٹ پر لوگ اپنا ردعمل دے رہے ہیں۔

بتادیں کہ سوشانت سنگھ راجپوت کا کیس بہت پہلے بند ہوچکا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم نے کہا تھا کہ اداکار نے خودکشی کی ہے۔ تاہم ان کی خودکشی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر اب بھی کئی طرح کے سوالات اٹھتے رہتے ہیں۔ سوشانت سنگھ راجپوت کی لاش 14 جون 2020 کو ان کے ممبئی فلیٹ سے مشکوک حالات میں ملی تھی۔

Recommended