Urdu News

گجرات میں انتخابات کی تاریخوں کا اعلان

الیکشن کمیشن نے جمعرات کو گجرات اسمبلی کے لیے پولنگ کے شیڈول کا اعلان کیا۔ یہاں دو مرحلوں میں پولنگ یکم دسمبر اور 05 دسمبر کو ہوگی اور نتائج کا اعلان ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کے ساتھ 08 دسمبر کو کیا جائے گا۔

چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے الیکشن کمشنر انوپ چندر پانڈے کے ساتھ یہاں ایک پریس کانفرنس میں انتخابی پروگرام کے بارے میں معلومات دی۔

آج اعلان کردہ شیڈول کے مطابق گجرات کے مشرقی اور جنوبی حصوں کی 89 اسمبلی سیٹوں پر پہلے مرحلے میں پولنگ ہوگی۔ اس کا نوٹیفکیشن 05 نومبر کو جاری کیا جائے گا۔ 14 نومبر تک کاغذات نامزدگی داخل کیے جاسکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 15 نومبر کو ہوگی۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ 17 نومبر ہوگی۔ اس مرحلے کے لیے ووٹنگ جمعرات یکم دسمبر کو ہوگی۔

دوسرے مرحلے میں وسطی گجرات کی 93 اسمبلی سیٹوں کے لیے پولنگ ہوگی۔ اس کا نوٹیفکیشن 10 نومبر کو جاری کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی 17 نومبر تک داخل کیے جاسکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 18 نومبر کو ہوگی۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ 21 نومبر ہوگی۔ اس مرحلے کے لیے ووٹنگ پیر 05 دسمبر کو ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ گجرات میں اسمبلی کی 182 سیٹیں ہیں۔ اس میں سے 17 درج فہرست ذاتوں اور 23 درج فہرست قبائل کے لیے ریزرو ہیں۔

Recommended