Urdu News

دسمبر 17 کو شندے-فڑنویس حکومت کے خلاف مہاوکاس اگھاڑی کا مورچہ

ممبئی، 06 دسمبر (انڈیا نیریٹو)

وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے-نائب وزیر اعلی دیویندر فڑنویس حکومت کے خلاف مہا وکاس اگھاڑی کا مارچ 17 دسمبر کو بائیکلہ کے جیجاماتا گارڈن سے آزاد میدان تک نکالا جائے گا۔ اس کے بعد آزاد میدان میں شندے فڑنویس حکومت کے خلاف ایک عام اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ یہ جانکاری سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے دی۔ اس موقع پر این سی پی لیڈر اجیت پوار، کانگریس لیڈر بالا صاحب تھوراٹ، اشوک چوان موجود تھے۔

پیر کو ممبئی میں مہاویکاس اگھاڑی کے اتحادیوں کی ایک میٹنگ کا اہتمام کیا گیا۔ اس میٹنگ میں گورنر سمیت بی جے پی لیڈروں کی طرف سے چھترپتی شیواجی مہاراج سمیت عظیم انسانوں کی بار بار توہین، کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کے مہاراشٹر مخالف بیانات، مہاراشٹرا کے مختلف اضلاع کے دیہات کو پڑوسی ریاستوں میں شامل کرنے کی سازش، حکمراں جماعت کی جانب سے بار بار خواتین کی توہین کرنا ، مہاراشٹر کی صنعتوں کو دیگر ریاست میں منتقلی ، جس سے ریاست میں بے روزگاری بڑھنے وغیرہ مسائل پر گفتگو کی گئی۔

اس کے بعد سابق وزیر اعلیٰ اور شیو سینا (ادھو ٹھاکرے) کے صدر ادھو ٹھاکرے نے بتایا کہ پچھلے ڈھائی سال میں مہاراشٹر میں کسی بھی عظیم شخصیت کی توہین نہیں کی گئی تھی۔ لیکن اب گورنر سے لے کر ہر بی جے پی لیڈر چھترپتی شیواجی مہاراج سمیت متعدد عظیم شخصیات کی توہین کر رہا ہے ۔ اسی وجہ سے ریاستی حکومت کو بیدار کرنے کے لئے یہ مورچہ منعقد کیا گیا ہے۔

Recommended