نئی دہلی،13 دسمبر (انڈیا نیریٹو)
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے پارلیمنٹ پر حملے کی 21 ویں برسی پر بروز منگل شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر جمہوریہ مرمو نے ایک ٹویٹ پیغام میں کہا- ’’آج ہی کے دن 2001 میں ہوئے دہشت گرد حملے کے خلاف پارلیمنٹ کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر شہداء کو ملک خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ ہم بہادروں کی ہمت اور عظیم قربانی کے لیے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے‘‘۔
قابل ذکر ہے کہ 13 دسمبر 2001 کو لشکر طیبہ اور جیش محمد کے دہشت گردوں نے پارلیمنٹ کامپلیکس پر حملہ کیا تھا۔ پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکورٹی میں تعینات سیکورٹی فورسز نے حملہ ناکام بناتے ہوئے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ حالانکہ دہلی پولیس کے پانچ اہلکار، سی آر پی ایف کی ایک خاتون سپاہی، دو راجیہ سبھا ملازمین اور ایک باغبان اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ ایک فوٹو جرنلسٹ کی بھی موت ہوئی تھی۔