Urdu News

انڈین کوسٹ گارڈ میں شامل ہوا گشتی جہاز کملا دیوی

کولکاتا،12 جنوری (انڈیا نیرریٹو)

ہندوستانی کوسٹ گارڈ کو جمعرات کو نیا دیسی گشتی جہاز ’’کملا دیوی‘‘ ملا۔ یہاں جی آر ایس ای شپ یارڈ میں منعقدہ ایک تقریب میں گشتی جہاز کو کوسٹ گارڈ کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ویریندر سنگھ پٹھانیا کی موجودگی میں شامل کیا گیا۔

جی آر ایس ای کے ذریعہ ’’فاسٹ پیٹرول ویسلس‘‘ کا پورا ڈیزائن اندرون ملک تیار کیا گیا ہے۔ کملا دیوی پانچ تیز گشتی جہازوں کی سیریز کا پانچواں جہاز ہے، جسے میک ان انڈیا کے وژن کے مطابق جی آر ایس ای، کولکاتا نے مقامی طور پر ڈیزائن اور بنایا ہے۔ اس موقع پر ڈی جی نے کہا کہ اس کی شمولیت سے فورس مضبوط ہوگی۔ حکام نے بتایا کہ اس گشتی جہاز کو بنگال کے ہلدیہ سمندری علاقے میں تعینات کیا جائے گا۔

جی آر ایس ای کے ایک اہلکار نے بتایا کہ آئی سی جی ایس کملا دیوی کا نام کملا دیوی چٹوپادھیائے کے نام پر رکھا گیا ہے، جنہوں نے کاریگروں اور دستکاروں کی ترقی اور ملک بھر میں پرفارمنگ آرٹس کی ترقی کے لیے کام کیا۔ اس جہاز کی لمبائی 48.9 میٹر ہے اور اس کا وزن 308 ٹن ہے۔

Recommended