Urdu News

سی جے آئی چندرچوڑ کی تقرری پر نظرثانی کی درخواست خارج

نئی دہلی، 16 جنوری (انڈیا نیریٹو)

دہلی ہائی کورٹ کی ایک ڈویژن بنچ نے جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کی بطور چیف جسٹس تقرری کو چیلنج کرنے والی نظرثانی درخواست کو خارج کر دیا ہے۔ جسٹس سنجیو سچدیوا کی سربراہی والی بنچ نے عرضی کو خارج کر دیا۔

عدالت نے کہا کہ یہ درخواست نظرثانی کی درخواست کے طور پر داخل نہیں کی گئی ہے بلکہ اپیل کے طور پر دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں کہیں بھی یہ نہیں بتایا گیا کہ پہلے کے فیصلے میں کیا غلط ہے۔ اس سے قبل 13 جنوری کو چیف جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس سبرامنیم پرساد نے نظرثانی درخواست کی سماعت سے خود کو الگ کر لیا تھا۔

یہ عرضی گرام ادے فاؤنڈیشن کے صدر سنجیو کمار تیواری نے دائر کی تھی۔ جسٹس ستیش چندر شرما اور جسٹس سبرامنیم پرساد کی ہائی کورٹ بنچ نے 11 نومبر 2022 کو درخواست کو خارج کر دیا۔ عدالت نے درخواست خارج کرتے ہوئے درخواست گزار پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ عدالت نے کہا تھا کہ یہ درخواست تشہیر کے لیے دائر کی گئی ہے۔

اس سے قبل سپریم کورٹ کے اس وقت کے چیف جسٹس یو یو للت کی سربراہی والی بنچ نے جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کو 3 نومبر 2022 کو چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لینے سے روکنے کی درخواست کو خارج کر دیا تھا۔ جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ نے 9 نومبر کو ملک کے 50 ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا۔

Recommended