Urdu News

آج کے خواب کل کی حقیقت ہوں گے:صدرجمہوریہ

صدر جمہوریہ محترمہ دروپدی مرمو نے طلبا سے بات چیت کی

نئی دہلی،15نومبر(انڈیا نیریٹو)

مختلف اسکولوں کے طلباءنے آج صبح (14 نومبر 2022) کو راشٹرپتی بھون کلچرل سنٹر (آر بی سی سی ) میں صدر جمہوریہ ہند، دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔اس موقع پر صدر جمہوریہ نے کہا کہ بچپن زندگی کا سب سے خوبصورت دور ہوتا ہے۔ بچے جیسے بھی ہوں، عزیزہوتے ہیں۔ یہی وہ چیز ہے جو انہیں زندگی دیتی ہے۔ آج ہم بچوں کی اس معصومیت اور پاکیزگی کا دن منا رہے ہیں۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہر نئی نسل نئے امکانات اور نئے خواب لے کر آتی ہے۔ یہ ٹیکنالوجی اور اطلاعاتی انقلاب کا ایک نیا دور ہے۔ بچے اب مختلف گھریلو، سماجی اور ماحولیاتی مسائل کے تئیں کافی بیدار ہیں۔ ٹیکنالوجی کی آمد کے بعد علم اور معلومات اب ان کے ہاتھ میں ہیں۔ لہذا یہ سب سے زیادہ اہم ہے کہ ہم انہیں صحیح اقدار سکھانے اور انہیں مختلف سرگرمیوں اور مباحثوں میں شامل کرنے کی زیادہ کوشش کریں۔ ہم بچوں سے بھی بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔صدر جمہوریہ نے بچوں کو مشورہ دیا کہ وہ بڑے خواب دیکھیں اور ایک نئے اور ترقی یافتہ بھارت کا خواب دیکھیں۔

نتائج کی فکر کیے بغیر اپنے فرائض انجام دیتے رہیں

انہوں نے کہا کہ آج کے خواب کل کی تعبیر ہوں گے۔بچوں کو مشورہ دیا کہ وہ اس قسم کے بھارت کے بارے میں سوچیں کہ جب وہ بڑے ہوں ، تو وہ اس میں رہنا چاہیں۔  اس بات پر زور دیا کہ وہ نتائج کی فکر کیے بغیر اپنے فرائض انجام دیتے رہیں، بالآخر وہ انہیں بڑی کامیابی سے ہمکنار کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ جس راستے کا انتخاب کرتے ہیں وہ آئندہ دنوں میں بھارت کا سفر طے کرے گا۔ انہوں نے انہیں یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ بڑے ہونے کے بعد بھی اپنے بچپن کو زندہ رکھیں۔ ان پر زور دیا کہ وہ ہندوستان کی ثقافت سے جڑے رہیں، ہمیشہ اپنے والدین کا احترام کریں اور مادر وطن سے محبت کریں۔

Recommended