Urdu News

مرکزی وزیر گڈکری کی صحت میں بہتری ، دہلی کے لئے روانہ

سلی گڑی میں 1206 کروڑ کے پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا

کولکاتہ، 18 نومبر (انڈیا نیریٹو)

مرکزی سڑک ٹرانسپورٹ وزیر نتن گڈکری نے جمعرات کو شمالی بنگال کے سلی گوڑی میں 1206 کروڑ روپے کے قومی شاہراہ پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس پروگرام کے دوران بگڑتی ہوئی صحت کی وجہ سے دیگر دو پروگرام منسوخ کر کے خصوصی طیارے سے دہلی روانہ ہو گئے۔

سلی گڑی میں ایک پروگرام کے دوران ان کی طبیعت بگڑ گئی۔ اس کے بعد ا نہیں شہر میں ایک جنرل فزیشن کی نگرانی میں دوا دی گئی۔ پھر انہیں چیک اپ کے لیے مقامی اسپتال بھی لے جایا گیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سلی گوڑی کے پولیس کمشنر کو فون کرکے مناسب حفاظتی انتظامات کی ہدایات دی تھیں، جس کے بعد گڈکری کو لے جانے کے لیے گرین کوریڈور بنایا گیا تھا۔

ڈاکٹروں نے رائے گنج اور کھڑگپور میں پروگراموں میں شرکت کی اجازت نہیں دی

ذرائع نے بتایا کہ انہیں سیلائن دینے کی ضرورت تھی جس کے بعد جب وہ بہتر محسوس کرنے لگے تو وہ مقامی رکن اسمبلی راجو بشٹ کے گھر پہنچے۔ وہاں چند گھنٹے آرام کرنے کے بعد جب بہتری دیکھی تو پروگرام مکمل کیا۔ وزیر کو رائے گنج اور کھڑگ پور کا دورہ بھی کرنا تھا لیکن ڈاکٹروں کی طرف سے اجازت نہ ملنے کی وجہ سے وہ سلی گوڑی سے سیدھے شمالی بنگال کے باگڈوگرا ہوائی اڈے پر پہنچے، جہاں سے وہ خصوصی طیارے سے دہلی روانہ ہوئے۔

قبل ازیں مرکزی وزیر نے سلی گوڑی میں بالاسن سے سیوک کنٹونمنٹ تک 12 کلومیٹر طویل چار لین اور چھ لین والی قومی شاہراہ کے تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس کے افتتاحی پروگرام میں سات منٹ تک خطاب کرتے ہوئے وہ بے چینی محسوس کرنے لگے۔ اس کے بعد انہیں سٹیج سے اتار کر کاٹیج میں لایا گیا۔ بی جے پی ایم ایل اے نیرج کمار زمبا نے بتایا کہ پروگرام کے دوران انہیں بلڈ شوگر کی سطح میں اچانک کمی کی وجہ سے طبی امداد کی ضرورت تھی۔ انہیں باقاعدہ چیک اپ کی ضرورت ہے۔ بعد میں صحت یاب ہونے کے بعد وہ اپنی گاڑی میں راجو بشٹ کے گھر پہنچے۔

سلی گڑی میں انہوں نے پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد رنگ روڈ کے لیے کئی دیگر منصوبوں کا بھی اعلان کیا۔ شام ساڑھے 5 بجے جب وہ قدرے صحت مند ہوئے تو میڈیا کے سامنے بھی آگئے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ٹھیک ہیں اور بنگال کے لوگوں کی بہتری کے لیے کام کریں گے۔ اس کے بعد وہ سلی گڑی کے باگڈوگرا ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہو گئے ۔ یہاں سے وہ دہلی روانہ ہو گئے۔

Recommended