Urdu News

خواتین کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 10 فروری سے جنوبی افریقہ میں ہوگا شروع

بھارت کا پہلا میچ پاکستان کے خلاف 12 فروری کو کیپ ٹاؤن میں ہوگا۔

کیپ ٹاؤن(جنوبی افریقہ)، 03 فروری (انڈیا نیریٹو)

یہاں 10 فروری سے شروع ہونے والے ویمنزٹی20 ورلڈ کپ-2023 کے پیش نظرتین میدان تیار کیے گئے ہیں۔ یہ میچز کیپ ٹاؤن کے نیو لینڈز گراؤنڈ، پارل کے بولانڈ پارک اور پورٹ الزبتھ کے سینٹ جارج پارک میں کھیلے جائیں گے۔

اس میں کل 10 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ 26 فروری تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں کل 23 میچ کھیلے جائیں گے۔ سال 2020 میں ہندوستانی ٹیم فائنل میں پہنچی تھی لیکن آسٹریلیا کے خلاف فائنل میں اسے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس بار ہندوستانی ٹیم پہلی بار ٹائٹل جیتنے پر نظریں جمائے ہوئے ہے۔

ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں میزبان جنوبی افریقہ کے علاوہ آسٹریلیا، بھارت، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ، آئرلینڈ، سری لنکا، بنگلہ دیش اور پاکستان کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ پہلا میچ میزبان جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے درمیان 10 فروری کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں جنوبی افریقہ کے ساتھ آسٹریلیا، سری لنکا، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ اور گروپ بی میں بھارت کے ساتھ انگلینڈ، آئرلینڈ، پاکستان اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔ بھارتی ٹیم کا پہلا میچ 12 فروری کو کیپ ٹاؤن میں پاکستان کے خلاف ہو گا۔

Recommended