واشنگٹن،24 دسمبر (انڈیا نیریٹو)
امریکی صدر جو بائیڈن نے ہندوستانی نژاد امریکی وکیل اور سفارت کار رچ ورما کو اعلیٰ سفارتی عہدے کے لیے نامزد کیا ہے۔
54 سالہ ورما اس وقت ماسٹر کارڈ میں چیف لیگل آفیسر اور گلوبل پبلک پالیسی کے سربراہ ہیں۔ وہ 16 جنوری 2015 سے 20 جنوری 2017 تک ہندوستان میں امریکی سفیر بھی رہے۔
اگر سینیٹ اس کے نام پر مہر لگاتی ہے تو وہ انتظامیہ اور وسائل کے ڈپٹی سکریٹری آف اسٹیٹ بن جائیں گے۔ اسی کے ساتھ وہ امریکی محکمہ خارجہ میں اعلیٰ عہدے پر فائز ہونے والے پہلے ہندوستانی نژاد امریکی بن جائیں گے۔
بائیڈن نے جمعہ کو ورما کی نامزدگی کا اعلان کیا تھا۔ ورما اوباما انتظامیہ کے دوران قانون سازی امور کے معاون وزیر خارجہ کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس سے قبل وہ امریکی سینیٹر ہیری ریڈ کے قومی سلامتی مشیر بھی رہ چکے ہیں