Urdu News

عمران کے قریبی سابق وزیر فواد خان کو جیل، ریمانڈ میں توسیع کا مطالبہ مسترد

عمران کے قریبی سابق وزیر فواد خان کو جیل

اسلام آباد،31 جنوری (انڈیا نیریٹو)

پاکستان میں سابق وزیراعظم عمران خان کے قریبی فواد چوہدری کے ریمانڈ میں اضافے کا پولیس کا مطالبہ عدالت نے مسترد کر دیا۔ فواد کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کے قریبی ساتھی فواد چوہدری کو گزشتہ ہفتے الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ فواد چوہدری نے گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن کو کھلی دھمکی دی تھی۔ انہوں نے اپنی تقریر میں پاکستان کی موجودہ حکومت اور وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف بھی آگ اگلی تھی۔ ان کی تقریر کو الیکشن کمیشن کے لیے خطرہ قرار دیا گیا۔ اس دھمکی کے بعد فواد چوہدری کے خلاف پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے تھانے کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ فواد عمران خان کی حکومت میں پاکستان کے وزیر اطلاعات رہ چکے ہیں۔

ان حالات میں مقدمہ درج ہوتے ہی یہ گمان کیا جا رہا تھا کہ حکومت پاکستان فواد چوہدری کو جلد گرفتار کر لے گی۔ فواد کو لاہور سے گرفتار کیا گیا جس کے بعد پولیس نے ریمانڈ لے کر فواد سے پوچھ گچھ کی۔ پولیس فواد چوہدری کو دو بار ریمانڈ پر لے چکی تھی۔

پولیس نے اسلام آباد کی عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد راجہ کے روبرو تیسری بار ریمانڈ کی درخواست کی۔ عدالت نے پولیس کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے فواد چوہدری کو جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ فواد کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

Recommended