Urdu News

اسرائیل میں مجوزہ قانون کے خلاف احتجاج،لوگ حکومت کے خلاف سڑکوں پرکیوں؟

اسرائیل میں مجوزہ قانون کے خلاف احتجاج

یروشلم، 23 جنوری (انڈیا نیرٹیو)

 اسرائیل میں سپریم کورٹ کے حکم کو کالعدم کرنے کا حق حکومت کو  دینے کے مجوزہ قانون کی شدید مخالفت کی جا رہی ہے۔ مشتعل لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ ادھر سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد ملک کے وزیر داخلہ کو ہٹا دیا گیا ہے۔

حال ہی میں اسرائیل میں سپریم کورٹ نے ملک کے وزیر داخلہ اور وزیر صحت اریہ درعی کو ہٹانے کی ہدایات وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو  دی تھیں۔ اس کے بعد ملک میں عدالتی تبدیلی کی باتیں شروع ہو گئی تھیں۔ حکومت نے ایسا قانون تجویز کیا تھا، اس کی منظوری کے بعد حکومت کو سپریم کورٹ کے حکم کو پلٹنے کا حق مل سکتا ہے۔ نیتن یاہو حکومت اپنے اس قدم کواختیارات کے عدم توازن سے نجات کا راستہ قرار دے رہی ہے۔

نیتن یاہو حکومت کی اس تجویز کے خلاف اسرائیل میں مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔ لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ لوگ اسے آمریت کی طرف قدم قرار دے رہے ہیں۔ ہزاروں افراد نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ حکومت مخالف مظاہروں کے درمیان، وزیر اعظم نیتن یاہو نے سپریم کورٹ کے مشورے کو قبول کر لیا ہے۔ انہوں نے ملک کے وزیر داخلہ اور صحت اریہ درعی کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ نیتن یاہو کا یہ قدم مظاہرین کے دباو میں اٹھایا گیا قدم مانا جا رہا ہے۔ ویسے کہا جا رہا ہے کہ نیتن یاہو عدالتی اصلاحات کا عمل جاری رکھیں گے۔

Recommended